پاکستان-برطانیہ کے مابین انسداد دہشت گردی اور منشیات میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

پاکستان-برطانیہ کے مابین انسداد دہشت گردی اور منشیات میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

پاکستان اور برطانیہ کے مابین انسداد دہشت گردی اور منشیات کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق رائے ہو گیا ہے۔

وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے برطانوی نیشنل کرائم ایجنسی (NCA) کے ڈائریکٹر جنرل گرائم بیگر سے ملاقات کی، جس میں برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ، نیشنل کوآرڈینیٹر نیکٹا، ڈی جی این سی سی آئی اے، ڈی جی نیشنل فرانزک ایجنسی، ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ، چیف کمشنر اسلام آباد اور آئی جی اسلام آباد پولیس بھی شریک تھے۔ملاقات میں انسدادِ دہشت گردی، منشیات، انسانی سمگلنگ، فرانزک، امیگریشن اور پولیس ٹریننگ کے شعبوں میں باہمی تعاون کو بڑھانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں فریقین نے اس بات پر زور دیا کہ انسدادِ منشیات اور دیگر شعبوں میں تربیتی کورسز کے دائرہ کار کو وسعت دی جائے گی۔ اس کے علاوہ، بچوں کی آن لائن ہراسانی کے سدباب کے لیے مؤثر اشتراک کار اور کوآرڈینیشن کے اقدامات بھی کیے جانے پر اتفاق ہوا۔فریقین نے ایکسٹراڈیشن کے معاملات میں تعاون کو فروغ دینے اور پانچ ایم او یوز کو جلد حتمی شکل دینے کا فیصلہ بھی کیا۔

ڈی جی این سی اے گرائم بیگر نے اسلام آباد میں خودکش حملے کی مذمت کی اور قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا۔وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ دہشت گردی کے تانے بانے ہمسایہ ملک سے جُڑے ہیں، اور پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جو قربانیاں دی ہیں، دنیا اس کی مثال دینے سے قاصر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جدید فرانزک ٹیکنالوجی اور تربیتی پروگراموں کے ذریعے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی صلاحیتوں میں اضافہ ممکن ہے، اور غیر قانونی امیگریشن کی روک تھام کے لئے بھی مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ڈی جی نیشنل کرائم ایجنسی گرائم بیگر نے مختلف شعبوں میں حکومت پاکستان کے ساتھ جاری تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا اور انسدادِ منشیات کے ضمن میں پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔