پاکستان اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے درمیان انسدادِ منشیات کے شعبے میں تعاون بڑھانے کے لیے اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔
اسلام آباد میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور یو اے ای کی نیشنل اینٹی نارکوٹکس اتھارٹی کے چیئرمین شیخ زید بن حماد بن حمدان النہیان کے درمیان ملاقات ہوئی۔ اس ملاقات میں دونوں ممالک نے منشیات کے خلاف مشترکہ کارروائیوں اور معلومات کے بروقت تبادلے پر اتفاق کیا۔
پاکستان کی طرف سے ڈی جی اے این ایف میجر جنرل عبدالمعید اور یو اے ای کی طرف سے بریگیڈئر طاہر غریب کو نمائندہ خصوصی مقرر کر دیا گیا۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ:پاکستان منشیات کے خلاف جنگ میں ہراول دستے کا کردار ادا کر رہا ہے۔گزشتہ عرصے میں یو اے ای میں 400 پاکستانی ملزمان کو گرفتار کیا گیا اور 5 ٹن منشیات پکڑی گئی، جو بروقت انٹیلیجنس شیئرنگ کا نتیجہ ہے۔سنتھیٹک ڈرگز کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن جاری ہے۔یہ جنگ ہماری نسلوں کے مستقبل کی جنگ ہے، اور اس میں شکست کا کوئی آپشن نہیں۔
شیخ زید بن حماد النہیان نے کہا کہ:یو اے ای بھی ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا۔دونوں ممالک کا مشترکہ مقصد آنے والی نسلوں کو بہتر مستقبل دینا ہے۔
وفود کی سطح پر شرکت:
اماراتی وفد میں مختلف شہروں کے اینٹی نارکوٹکس ڈائریکٹرز اور اعلیٰ حکام شامل تھے، جبکہ پاکستانی جانب سے وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری، وفاقی سیکریٹری داخلہ، ڈی جی اے این ایف اور دیگر اعلیٰ حکام شریک ہوئے۔یہ ملاقات اس امر کا مظہر ہے کہ پاکستان اور یو اے ای منشیات کے خاتمے کے لیے نہ صرف مشترکہ آپریشنز کریں گے بلکہ ایک مربوط حکمتِ عملی کے تحت آگے بڑھیں گے۔