ملزموں سے لاکھوں روپے کی موٹر سائیکلیں، موبائل فونز، نقدی اور ناجائز اسلحہ برآمد
لاہور(کرائم رپورٹر)ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سید ذیشان رضا کی ہدایت پر جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی گئیں۔ ایس پی انویسٹی گیشن سول لائنز غلام دستگیر خان کی سربراہی میں انچارج انویسٹی گیشن معظم الیاس چیمہ نے پولیس ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے موٹر سائیکل چور گینگ کے تین ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان سابقہ ریکارڈ یافتہ اور پیشہ ور موٹر سائیکل چور ہیں، جنہیں انسانی ذرائع اور دیگر معلومات کی بنیاد پر گرفتار کیا گیا۔ ملزمان کے قبضے سے لاکھوں روپے مالیت کی موٹر سائیکلیں، موبائل فونز، نقدی اور ناجائز اسلحہ برآمد ہوا۔ انچارج انویسٹی گیشن معظم الیاس چیمہ کے مطابق ملزمان گلیوں، بازاروں اور شاہراہوں پر کھڑی موٹر سائیکلیں ماسٹر چابیوں کے ذریعے کھول کر فرار ہو جاتے تھے۔ ملزمان سے شہر کے مختلف تھانوں میں درج موٹر سائیکل چوری کے 55 مقدمات ٹریس کیے گئے ہیں۔ ایس پی انویسٹی گیشن سول لائنز غلام دستگیر خان نے کہا کہ ملزمان کے خلاف مضبوط چالان مرتب کرکے انہیں قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔ ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سید ذیشان رضا نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے، جبکہ ایس ایس پی انویسٹی گیشن محمد نوید نے پولیس ٹیم کے لیے تعریفی اسناد دینے کا اعلان کیا۔