ہنجروال پولیس کا ایکشن، ڈکیت و موٹرسائیکل چور گرفتار

 2 ملزموں نور عباس اور عمران سے اسلحہ، موٹرسائیکلیں اور مسروقہ مال برآمد
لاہور (کرائم رپورٹر) ایس پی اقبال ٹاو ن سدرہ خان کی ہدایت پر جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ ہنجروال پولیس نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے موٹرسائیکل چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث گینگ کے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت نور عباس اور عمران کے نام سے ہوئی ہے۔ ایس پی اقبال ٹاو ن سدرہ خان کا کہنا ہے کہ ملزمان موٹرسائیکل چوری کے ساتھ ساتھ اسلحہ کے زور پر شہریوں سے ڈکیتی کی وارداتیں بھی کرتے تھے۔ پولیس حکام کے مطابق ایک ملزم کو سی سی ٹی وی فوٹیج میں موٹرسائیکل چوری کرنے سے قبل دیکھا جا سکتا ہے۔ ملزمان کو سی سی ٹی وی ویڈیو کی مدد سے ٹریس کرکے ہنجروال کے علاقے سے گرفتار کیا گیا۔ گرفتار ملزمان کے قبضے سے 2 پستول بمعہ گولیاں، متعدد موٹرسائیکلیں اور 3 لاکھ 75 ہزار روپے مالیت کا مالِ مسروقہ برآمد کر لیا گیا۔ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش کے لیے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ ایس پی اقبال ٹاو ن سدرہ خان نے کامیاب کارروائی پر ایس ایچ او ہنجروال عمران سلطان اور پولیس ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ اسٹریٹ کرائم پر قابو پانا پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔