گاڑیوں کی ٹکر پر جھگڑا ہوا ،کاشان اور ارسلان نے دفتر پر فائرنگ کردی
لاہور(کرائم رپورٹر)کاہنہ پولیس نے معمولی ٹریفک حادثے کے بعد جھگڑے، فائرنگ اور تشدد میں ملوث دو ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کر لیا۔ ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق شادی میں شرکت کے لیے جاتے ہوئے دو گاڑیوں کی معمولی ٹکر پر جھگڑا ہوا، تاہم متاثرہ شہری نے لڑائی کے بجائے قانونی کارروائی کا راستہ اختیار کیا۔ اس پر ملزمان نے شہری کے دفتر پر فائرنگ کی اور اسے تشدد کا نشانہ بنایا۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کاشان اور ارسلان کو گرفتار کر لیا، جن کے قبضے سے پستول برآمد ہوئے۔ واقعے میں ملوث دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے بھی کارروائیاں جاری ہیں جبکہ گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔ ڈی آئی جی آپریشنز لاہور فیصل کامران نے کہا کہ شہریوں کو بروقت انصاف کی فراہمی پولیس کی اولین ترجیح ہے۔