وزیراعلیٰ نے ر ائیونڈ میں سپیشل صفائی اور عرق گلاب کے چھڑکائو کاحکم دیدیا
لاہور(خصوصی رپورٹ)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے گزشتہ روز مرکز تبلیغی جماعت کے شوریٰ ارکان ڈاکٹر ندیم اشرف، مولانا امجد فاروق، مولانا محمد امیر، امتیاز احمد غنی اور ارشد نے ملاقات کی،مریم نواز نے رائیونڈ اجتماع کے لئے3دن الیکٹروبس چلانے ،تمام ممکنہ سہولتیں فراہم کرنے اور بہترین انتظامات کا حکم دے دیا،الیکٹرو بس ریلوے سٹیشن اور ائیرپورٹ سے رائے ونڈ تک چلا ئی جائے گی۔انہوں نے ڈی سی، سی سی پی او، ڈی آئی جی اور سی ٹی او کو خود رائیونڈ جانے کی ہدایت کی۔ تبلیغی جماعت کے وفد نے وزیراعلیٰ کو عوامی خدمات پر خراج تحسین پیش کیا اور کامیابی کے لئے خصوصی دعا کی۔ وزیراعلیٰ نے رائیونڈ جانے والے راستوں پر پیچ ورک لگانے اور رائیونڈ کی تین روڈز کی فوری تعمیر و مرمت ،یکم نومبر سے اجتماع کے ختم ہونے تک خصوصی صفائی مہم اورر ائیونڈ میں سپیشل صفائی اور عرق گلاب کے چھڑکائو کاحکم بھی دیا۔ مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف صاحب نے فوری طور پر تبلیغی جماعت اکابرین سے ملاقات کا کہا تھا،میں مخلوق خدا کی خدمت، خالق کائنات کی عبادت کے جذبے سے کرتی ہوں، دعا ہے اللہ تعالیٰ عوام کی خدمت کی توفیق دے۔ انہوں نے کہا مخالفین کی باتوں پر صبر کرتی ہوں لیکن بعض اوقات عوام کے لئے بولنا ضروری ہوتا ہے،صدق دل سے رضائے الٰہی کے لئے عوام کی خدمت کرنا چاہتے ہیں،خدمت کا جذبہ سچا ہے اللہ تعالیٰ غیب سے وسائل مہیا کرے گا۔وزیراعلیٰ مرکز رائیونڈ کی دینی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اوروفد سے ملک و قوم کی سلامتی، امن وامان اور سیلاب زدگان کیلئے خصوصی دعا کی درخواست کی۔ اکابرین تبلیغی جماعت نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی مدد کے لئے ہاتھ نہ پھیلاناقابل تحسین عمل ہے،مریم نواز بہت خدمت کر رہی ہیں شہروں کو ایسا صاف کبھی نہیں دیکھا۔ عوامی خدمت کی جو مثال اِنہوں نے پنجاب میں قائم کی وہ قابل تعریف اور قابل تقلید ہیں۔مریم نواز نے قدرتی آفات سے آگاہی اور بچائو کے عالمی دن پراپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ زندگی کی بقا کے لئے قدرتی آفات سے نمٹنے کے لئے تمام اداروں کو ہر وقت تیار رہنا چا ہئے ، بروقت تیاری سے قدرتی آفات سے انسانی جان ومال اور ماحول کوتباہ کن نقصان سے بچایا جا سکتا ہے۔