رائیونڈ اجتماع دوسرا مرحلہ:فول پروف سکیورٹی کا حکم

سپروائزری افسران انسداد منشیات آپریشنز کی خود نگرانی کریں: بلال کمیانہ 
لاہور(کرائم رپورٹر)سربراہ لاہور پولیس بلال صدیق کمیانہ کی زیر صدارت کیپٹل سٹی پولیس ہیڈ کوارٹرز میں سول لائن اور سٹی ڈویڑنز کی کارکردگی سے متعلق اجلاس منعقد ہوا۔سی سی پی او لاہور نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چینی باشندوں کی فول پروف سکیورٹی کے لئے جاری ایس او پیز پر من و عن عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایات جاری کیں۔بلال صدیق کمیانہ نے رائیونڈ اجتماع کے دوسرے سیشن کے لئے فول پروف سکیورٹی انتظامات کرنے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ رائیونڈ اجتماع کی پارکنگ اور ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لئے خصوصی اقدامات کئے جائیں۔سی سی پی او لاہور نے منشیات فروشوں کی بیخ کنی کیلئے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنزمیں تیزی لانے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ سپروائزری افسران انسداد منشیات آپریشنز کی خود نگرانی کریں۔اس موقع پر انہوں نے کہا کہ کوالٹی آف انوسٹی گیشن پرخصوصی توجہ دی جائے تا کہ مظلوم کو بروقت انصاف مل سکے۔انہوں نے تفتیش میرٹ اور پروفیشنل انداز میں کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اشتہاریوں کی گرفتاری کے لئے ہیومن انٹیلی جنس کے ساتھ ساتھ جدیدٹیکنالوجی سے بھی فائدہ اٹھایا جائے۔بلال صدیق کمیانہ نے ہاٹ سپاٹ ایریاز میں انتظامیہ کے تعاون سے پارکنگ سٹینڈز بنوانے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہاکہ موٹر سائیکل چوروں کے گرد گھیرا تنگ کیا جائے۔انہوں نے کرائم کنٹرول کیلئے سفید پارچات میں ڈیکائے آپریشنز کرنے اور کمیونٹی پولیسنگ پر فوکس کرتے ہوئے ہاؤسنگ سوسائٹیز میں مربوط سکیورٹی بیریئرز لگوانے کی بھی ہدایات جاری کیں۔انہوں نے مزید کہا کہ افسران مظلوم کوانصاف کی فراہمی کے لئے اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتیں بروئے کار لائیں تا کہ عام آدمی کو انصاف مل سکے۔اجلاس میں ڈی آئی جی(انوسٹی گیشن)ذیشان اصغر، ڈی آئی جی (آپریشنز) محمد فیصل کامران، ایس ایس پی (ایڈمن)عاطف نذیر،ایس ایس پی (انوسٹی گیشن)محمد نوید، ایس ایس پی(آپریشنز)تصور اقبال، سول لائنز اور سٹی ڈویڑنز کے ایس پیز، اے ایس پیز،سرکل افسران، ایس ایچ اوز اور انچارجز(انوسٹی گیشن)نے شرکت کی۔