خانیوال میں الیکٹرو بس سروس مزید وسعت پائے گی، مریم نواز

لاہور(زیڈ این این) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے ضلع خانیوال سے تعلق رکھنے والے صوبائی ارکان اسمبلی نے ملاقات کی، جس میں ضلع کے ترقیاتی منصوبوں، عوامی مسائل اور جدید ٹرانسپورٹ سہولیات کی فراہمی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں عامر حیات ہراج، چوہدری ضیاء الرحمٰن، رانا محمد سلیم، اکبر حیات ہراج، رانا بابر حسین عابد، اسامہ فضل اور اصغر حیات ہراج شریک ہوئے۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ارکان اسمبلی کی جانب سے پیش کیے گئے عوامی مسائل کے فوری حل کے لیے متعلقہ حکام کو ضروری اقدامات کی ہدایت جاری کرتے ہوئے اعلان کیا کہ تلمبہ، میاں چنوں سمیت ضلع خانیوال کے دیگر علاقوں تک بھی الیکٹرو بس سروس کا دائرہ کار بڑھایا جائے گا۔ارکان اسمبلی نے ملتان۔وہاڑی روڈ کی تعمیر، ’’ستھرا پنجاب‘‘ اور’’دھی رانی پروگرام‘‘ سمیت عوامی فلاحی منصوبوں کو سراہتے ہوئے ضلع خانیوال میں الیکٹرو بس سروس کے آغاز پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ جدید سفری سہولت سے ضلع بھر کے عوام مستفید ہوں گے اور خطے میں ترقی کا نیا باب کھلے گا۔اس موقع پر عامر حیات ہراج نے کہا کہ خانیوال کے عوام پاکستان کی جدید ترین بس سروس کے آغاز پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے شکر گزار ہیں۔ رانا محمد سلیم نے کہا کہ الیکٹرو بس منصوبہ جدید ٹرانسپورٹ کلچر کا آغاز ہے، جبکہ اکبر حیات ہراج نے کبیروالا اور گردونواح کے لیے اسے بڑی سہولت قرار دیا۔ چوہدری ضیاء الرحمٰن نے کہا کہ جہانیاں کے عوام بھی اس منصوبے پر وزیراعلیٰ کے ممنون ہیں۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ خانیوال، جہانیاں اور کبیروالا کے عوام کو الیکٹرو بس کی سہولت فراہم کرنا ان کا بنیادی حق ہے، کسی پر احسان نہیں۔ انہوں نے بتایا کہ صوبہ بھر کے عوام کو جدید سفری سہولتیں فراہم کرنے کے لیے مرحلہ وار ’’1500 الیکٹرو بسیں‘‘ متعارف کرائی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ الیکٹرو بس محض ایک سفری سہولت نہیں بلکہ جدید، ماحول دوست اور باوقار ٹرانسپورٹ کلچر کی بنیاد ہے۔ وزیراعلیٰ نے خالق آباد۔تلمبہ روڈ ایس ایم لنک پر واقع شکستہ پل کی جلد تعمیر و مرمت کی بھی ہدایت جاری کی۔