مساجد، امام بارگاہوں پر سکیورٹی بڑھا دی گئی، داخلی و خارجی ناکوں پر چیکنگ
لاہور (کرائم رپورٹر) جمع? المبارک اور رائیونڈ تبلیغی اجتماع کے موقع پر لاہور پولیس کی جانب سے سخت سکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔ آپریشنز ونگ کے مطابق شہر بھر میں سکیورٹی پلان پر عمل درآمد جاری ہے جبکہ رائیونڈ میں نمازِ جمعہ کے بڑے اجتماع کے لیے پولیس اہلکاروں نے اپنی ڈیوٹیاں سنبھال لی ہیں۔ ترجمان پولیس کے مطابق اجتماع گاہ کے اطراف تمام داخلی راستوں پر سکیورٹی حصار قائم کر دیا گیا ہے جبکہ وہاں آنے والے افراد اور گاڑیوں کی جامع چیکنگ کی جا رہی ہے۔سرچ اینڈ سویپ آپریشنز بھی تسلسل کے ساتھ جاری ہیں۔ شہر کی کیٹیگری اے کی 218، کیٹیگری بی کی 776 اور کیٹیگری سی کی 4065 مساجد پر سکیورٹی انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ ڈولفن، پی آر یو اور پٹرولنگ فورس کا گشت بڑھا دیا گیا ہے۔ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے حساس مقامات پر سنائپرز کی تعیناتی اور سپروائزری افسران کو موقع پر سکیورٹی چیک کرنے کی ہدایت کی۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع فوری 15 پر دیں۔