وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ فلسطینی عوام کی آزادی، عزتِ نفس اور خوشحالی پاکستان کے لیے بنیادی حیثیت رکھتی ہے۔
مصر کے شہر شرم الشیخ میں اجلاس میں شرکت کے بعد وطن واپسی سے قبل اپنے بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی سب سے بڑی ترجیح غزہ پر مسلط نسل کشی کا فوری خاتمہ تھی، جسے دیگر برادر اسلامی ممالک کے ساتھ دوٹوک انداز میں عالمی فورم پر پیش کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ 1967 سے پہلے کی سرحدوں کے ساتھ آزاد فلسطینی ریاست کا قیام پاکستان کی مشرقِ وسطیٰ پالیسی کی بنیادی اساس ہے اور ہمیشہ رہے گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان فلسطینی عوام کے ساتھ بھرپور یکجہتی کے عزم پر قائم ہے۔شہباز شریف نے مزید کہا کہ وہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے شکر گزار ہیں جنہوں نے غزہ میں قتلِ عام رکوانے کے لیے اقدام کرنے کا وعدہ کیا اور اسے پورا کیا۔انہوں نے کہا کہ صدر ٹرمپ کی امن کے لیے غیر معمولی خدمات کو پاکستان قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور انہیں سراہتا رہے گا۔