صدرِ پاکستان آصف علی زرداری نے پاکستان اور چین کے سفارتی تعلقات کی 74ویں سالگرہ کے موقع پر دونوں ممالک کی قیادت اور عوام کو مبارکباد پیش کی ہے۔
انہوں نے اس موقع پر پاکستان اور چین کے درمیان "آہنی بھائی چارے" اور "ہمہ موسمی تزویراتی شراکت داری" کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ تعلقات پاکستان کی خارجہ پالیسی کا مرکزی ستون ہیں۔صدر زرداری نے اپنے پیغام میں "ون چائنا پالیسی" کی بھرپور حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات گزشتہ سات دہائیوں میں مضبوط سے مضبوط تر ہوئے ہیں۔ انہوں نے چین کی جانب سے پاکستان کی سماجی و معاشی ترقی، بنیادی ڈھانچے، توانائی اور دفاعی شعبوں میں تعاون کو سراہا اور پاک چین اقتصادی راہداری (CPEC) کو دونوں ممالک کے درمیان تعاون کی روشن مثال قرار دیا۔
صدر زرداری نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان مستقبل میں چین کے ساتھ معیشت، ٹیکنالوجی، دفاع، تعلیم اور تجارت کے شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک خطے اور دنیا کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مل کر کام کرتے رہیں گے۔صدر زرداری نے چین کی حکومت اور عوام کا ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دینے پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ دونوں ممالک کی دوستی سدا بہار ہے۔