ویب ڈیسک: صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ چین سے دوستی پاکستان کی خارجہ پالیسی کا بنیادی ستون ہے، اور چین نے ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔
دوحہ میں صدر مملکت نے چینی نائب صدر ہان ژنگ سے ملاقات کے دوران کہا کہ پاکستان اور چین آہنی بھائی اور ہر موسم کے سٹریٹجک شراکت دار ہیں۔ انہوں نے چین کی جانب سے جاری تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سی پیک کا دوسرا مرحلہ اعلیٰ معیار کی ترقی کے نئے دور میں داخل ہو چکا ہے، جس میں ٹرانسپورٹ، انفراسٹرکچر، آئی ٹی، زراعت اور ووکیشنل تربیت جیسے شعبے شامل ہوں گے۔صدر آصف علی زرداری نے چین کی طرف سے ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کے ساتھ تعاون کو سراہا اور کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات علاقائی اور عالمی سطح پر قریبی تعاون کے ذریعے مزید مضبوط ہوں گے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور چین آہنی بھائی اور ہر موسم کے سٹریٹجک پارٹنر ہیں، اور دونوں رہنماؤں نے علاقائی امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے اپنی مشترکہ وابستگی کا اعادہ کیا۔
چینی نائب صدر ہان ژنگ نے پاکستان کی دہشت گردی کے خلاف کوششوں اور علاقائی امن کے لئے کردار کو سراہا اور کہا کہ چین سی پیک کے دوسرے مرحلے میں پاکستان کی ترقی میں تعاون جاری رکھے گا۔ انہوں نے چین کی جانب سے پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور علاقائی و عالمی فورمز پر قریبی تعاون جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا۔ دونوں رہنماؤں نے اعتماد، احترام اور خوشحالی کے وژن پر مبنی تعلقات کو آگے بڑھانے کے لیے اتفاق کیا۔