راولپنڈی: بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی 26 نومبر کے احتجاج سے متعلق 29 مقدمات میں عبوری ضمانتوں کی درخواستوں پر سماعت 9 دسمبر تک ملتوی کر دی گئی، جبکہ عدالت نے ان کی عبوری ضمانتوں میں بھی آئندہ سماعت تک توسیع کر دی۔
راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں بشریٰ بی بی کی جانب سے دائر 29 مقدمات میں عبوری ضمانتوں کی درخواستوں پر سماعت ہوئی۔ سماعت انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے کی۔دورانِ سماعت بشریٰ بی بی کی قانونی ٹیم، جس میں وکیل محمد فیصل ملک بھی شامل تھے، عدالت میں پیش ہوئی، جبکہ پراسیکیوشن ٹیم بھی کمرہ عدالت میں موجود تھی۔بشریٰ بی بی کی جانب سے عدالت سے استدعا کی گئی کہ انہیں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی موجودگی میں شاملِ تفتیش کیا جائے۔عدالت نے درخواستوں پر مزید کارروائی کے لیے سماعت 9 دسمبر تک ملتوی کر دی اور بشریٰ بی بی کی 29 مقدمات میں عبوری ضمانتوں میں بھی 9 دسمبر تک توسیع کر دی۔