بشریٰ بی بی کی 29 مقدمات میں عبوری ضمانتوں میں 26 نومبر تک توسیع

بشریٰ بی بی کی 29 مقدمات میں عبوری ضمانتوں میں 26 نومبر تک توسیع

راولپنڈی: انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو بڑا ریلیف دیتے ہوئے ان کے خلاف درج 29 مقدمات میں عبوری ضمانتوں میں 26 نومبر تک توسیع کر دی۔

انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے بشریٰ بی بی کی جانب سے دائر عبوری ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کی۔سماعت کے دوران بشریٰ بی بی کی جانب سے وکیل محمد فیصل ملک اپنی قانونی ٹیم کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے، جبکہ پراسیکیوشن کی ٹیم بھی کمرہ عدالت میں موجود تھی۔عدالت میں بشریٰ بی بی کے خلاف درج 29 مقدمات میں عبوری ضمانتوں سے متعلق درخواستیں زیر سماعت آئیں۔ کارروائی کے دوران عدالت نے تمام درخواستوں میں عبوری ضمانتوں کی مدت میں 26 نومبر تک توسیع کر دی۔

مزید سماعت 26 نومبر تک ملتوی

عدالت نے درخواستوں کی مزید سماعت بغیر کسی تفصیلی کارروائی کے 26 نومبر تک ملتوی کر دی۔ اس طرح بشریٰ بی بی کو مذکورہ مقدمات میں فی الحال عبوری ضمانت کا ریلیف برقرار رہے گا۔واضح رہے کہ بشریٰ بی بی کے خلاف مختلف واقعات کے حوالے سے راولپنڈی میں متعدد مقدمات درج ہیں، جن میں ان کی جانب سے قانونی ریلیف کے لیے عدالت سے رجوع کیا گیا ہے۔