ویب ڈیسک: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے یومِ خواتین کے موقع پر خواتین کے حقوق اور صنفی مساوات کے اہم موضوعات پر اپنے پیغام میں کہا کہ ہر عورت کی آواز سنی جائے، اس کی قدر کی جائے اور احترام دیا جائے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ صنفی مساوات انصاف اور جمہوریت کا بنیادی اصول ہے، اور اس کو یقینی بنانا ہر معاشرے کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے مادرِ ملت فاطمہ جناح کی جدوجہد کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ خواتین کے حقوق کے لئے ایک روشن علامت بنیں۔اپنے پیغام میں بلاول نے بیگم نصرت بھٹو کی قربانیوں اور جرات کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا، اور کہا کہ ان کی زندگی نے ایک نئی نسل کو آزادی اور حقوق کے لئے جدو جہد کرنے کی ہمت دی۔
بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ بے نظیر بھٹو شہید نے پاکستان کی خواتین کے لیے قیادت کے دروازے کھولے، اور ان کی کاوشوں نے یہ ثابت کیا کہ خواتین کسی بھی شعبے میں مکمل طور پر مساوی حقوق کی حقدار ہیں۔انہوں نے اپنے پیغام میں اس بات پر زور دیا کہ معاشرتی ترقی کے لئے خواتین کے مساوی حقوق ضروری ہیں، اور اس کے لئے ایسا ماحول تشکیل دینا ضروری ہے جہاں خواتین خود کو محفوظ اور آزاد محسوس کریں۔