اسحاق ڈار کی غزہ امن کانفرنس میں امریکی اور ترک وزرائے خارجہ کے ساتھ ملاقات

اسحاق ڈار کی غزہ امن کانفرنس میں امریکی اور ترک وزرائے خارجہ کے ساتھ ملاقات

نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے مصر میں منعقدہ غزہ امن کانفرنس کے موقع پر امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو اور ترکیہ کے وزیرِ خارجہ حکان فیدان سے علیحدہ علیحدہ اہم ملاقاتیں کیں۔

اسلام آباد میں وزارتِ خارجہ کے ترجمان شفقت علی خان نے بتایا کہ ان ملاقاتوں میں علاقائی اور عالمی صورتحال، خصوصاً غزہ کی تازہ ترین صورتحال اور انسانی بحران پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ترجمان کے مطابق اسحاق ڈار نے دونوں رہنماؤں کے ساتھ گفتگو میں فوری جنگ بندی کے قیام، انسانی امداد کی بلا تعطل فراہمی، اور مستقل امن و استحکام کے قیام کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان فلسطین کے منصفانہ، دیرپا اور دو ریاستی حل پر یقین رکھتا ہے، جس میں 1967 کی سرحدوں کے مطابق ایک آزاد فلسطینی ریاست کا قیام شامل ہے جس کا دارالحکومت مشرقی القدس ہو۔

نائب وزیراعظم نے امریکہ اور ترکیہ کے کردار کو خطے میں امن کے فروغ کے لیے سراہا اور اس بات پر زور دیا کہ عالمی برادری کو غزہ میں انسانی المیے کو کم کرنے اور تنازع کے سیاسی حل کے لیے مسلسل رابطے برقرار رکھنے چاہییں۔انہوں نے اس امر پر بھی زور دیا کہ غزہ کے عوام کے لیے انسانی بنیادوں پر امداد میں اضافہ کیا جائے تاکہ انہیں خوراک، ادویات، اور دیگر ضروری اشیاء کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔ترجمان نے بتایا کہ ملاقاتیں باہمی احترام اور کھلے انداز میں ہوئیں اور اس دوران تینوں ممالک کے رہنماؤں نے خطے میں امن، استحکام اور تعاون کے فروغ کے لیے مسلسل رابطہ کاری پر اتفاق کیا۔