اسحاق ڈار کے سعودی، مصری اور ترک وزرائے خارجہ سے رابطے

اسحاق ڈار کے سعودی، مصری اور ترک وزرائے خارجہ سے رابطے

نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے مشرقِ وسطیٰ اور خطے کی بدلتی صورتحال کے تناظر میں اہم سفارتی رابطوں کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے سعودی عرب، مصر اور ترکیہ کے وزرائے خارجہ سے ٹیلیفونک گفتگو کی۔

وزارتِ خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار اور سعودی وزیرِ خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کے درمیان ہونے والی گفتگو میں مشرقِ وسطیٰ کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے خطے میں امن و استحکام کے لیے باہمی مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ اس موقع پر اسحاق ڈار نے خطے میں امن کے قیام کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں سے بھی آگاہ کیا اور مسائل کے حل کے لیے مکالمے اور سفارتکاری کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔

علاوہ ازیں نائب وزیرِ اعظم نے مصر کے وزیرِ خارجہ بدر عبدالعاطی سے بھی ٹیلیفونک گفتگو کی، جس میں خطے کی تازہ صورتحال اور باہمی تعاون کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔مزید برآں ترک وزیرِ خارجہ حاقان فیدان سے بھی اہم رابطہ ہوا جس میں پاکستان اور ترکیہ کے درمیان مشرقِ وسطیٰ اور خطے کی مجموعی صورتحال پر مشاورت کی گئی اور قریبی رابطہ برقرار رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔