سہیل آفریدی نئے وزیراعلی خیبر پختونخوا منتخب،اپوزیشن کا بائیکاٹ احتجاجی سیاست کا چیمپئن ہوں:ایوان سے خطاب

میرا قائد عمران خان فوجی آپریشن کیخلاف تھا، ہم بھی اس کے خلاف ہیں،افغان بہن بھائی 40 سال سے یہاں رہ رہے تھے اب ان کو دھکے مار کر نکال رہے ہیں
 میرے نام کے ساتھ زرداری یا بھٹو نہیںکوئی یہ نہ سمجھے  مجھے کوئی سیلوٹ کرے گا اور میں اس تخت و تاج کیلئے اپنے مقصد سے ہٹ جاؤں گا تویہ ان کی بھول ہے:سہیل آفریدی 
پشاور(آن لائن‘آئی این پی)پی ٹی آئی کے  نامزد امیدوار سہیل آفریدی 90 ووٹ لیکر نئے وزیراعلی خیبر پختونخوا منتخب ہو ‘منتخب وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ میرا قائد عمران خان ملٹری آپریشن کے خلاف تھا تو ہم بھی اس کے بالکل خلاف ہیں، ملٹری آپریشن دہشت گردی کا حل نہیں، دنیا بھر میں مذاکرات کی طرف آیا جارہا ہے۔افغان بہن بھائی 40 سال سے یہاں رہ رہے تھے اب ان کو دھکے مار کر نکال رہے ہیں، اس طرح پالیسیاں نہیں بنتیں، شہید ارشد شریف اور میڈیا کے نمائندوں کا شکر گزار ہوں جنہوں نے حق کیلئے اپنی نوکریاں گنوادیں۔اپنے انتخاب کے بعد اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ میں اپنے لیڈر پاکستان کے سب سے مقبول ترین لیڈر کا انتہائی مشکور ہوں، اس نے مجھ  جیسے ادنی کارکن جو مڈل کلاس سے تعلق رکھتا ہے، جس کا نہ کوئی بھائی نہ بچہ سیاست میں ہے۔انہوں نے کہا کہ میرے نام کے ساتھ زرداری یا بھٹو نہیں ہے، اپنی محنت کرکے اس عہدے تک پہنچا ہوں، میں اپنے قائد کا اس لئے بھی شکر گزار ہوں میرا تعلق قبائل سے ہے۔سہیل آفریدی نے کہا کہ اس مائنڈ سیٹ کے ساتھ یہ ہیں، میرے نام کے ساتھ آفریدی ہے، میرے نام کا اعلان ہوا تو اس مائنڈ سیٹ کے ساتھ تذلیل کی گئی، ان کا رویہ ہے کہ قبائل ہمیشہ پیچھے رہیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ 78 سال سے اس مائنڈ سیٹ کے ساتھ ہم پر حکومت کر رہے ہیں، میرا قائد جانتا تھا کہ قبائل کئی سالوں سے پیچھے ہیں، میرے چیئرمین کا کہنا ہے کہ کوئی بھی جس کے نام کے ساتھ بھٹو یا زرداری کا نام لگا ہے، صرف اس کو موقع نہیں دیتا، بلکہ وہ اس کو موقع دیتا ہے جو محنت کرکے یہاں تک آیا، میں پاکستان کی سب سے بڑی اسٹیبلشمنٹ جو ہمارا سوشل میڈیا ہے اس کا بھی شکر گزار ہوں۔سہیل آفریدی نے کہا کہ میڈیا کے نمائندوں کا بھی شکر گزار ہوں جنہوں نے حق کے لیے اپنی نوکریاں گنوادیں، میں شہید ارشد شریف کا بھی شکر گزار ہوں جس نے راہ حق کے لئے اپنی جان گنوا دی