پاکستان کی حفاظت، بقاء اور استحکام ہر پاکستانی کا مشترکہ فرض ہے یوسف رضا گیلانی

ہمارے بزرگوں اور قائدین نے گھربار، جائیدادیں اور جانیں قربان کر کے ایک آزاد اور خودمختار مملکت کا قیام ممکن بنایا:چیئرمین سینیٹ

 اسلام آباد (یواین پی) چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے یومِ آزادی کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں پوری قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ 14 اگست کا دن نہ صرف آزادی کی قیمتی نعمت کی یاد دلاتا ہے بلکہ اس عظیم جدوجہد اور بے مثال قربانیوں کا بھی آئینہ دار ہے جو برصغیر کے مسلمانوں نے پاکستان کے قیام کے لیے دیں۔یہ قربانیاں آنے والی نسلوں کے لیے ہمیشہ مشعلِ راہ رہیں گی اور اس بات کا ثبوت ہیں کہ ایک پرعزم اور متحد قوم ہر منزل حاصل کر سکتی ہے۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان کا قیام علامہ محمد اقبال کے خواب کی تعبیر اور قائداعظم محمد علی جناح کی جراتمند قیادت کا ثمر تھا۔انہوں نے کہا کہ 14 اگست 1947ء کو پاکستان دنیا کے نقشے پر ایک آزاد اور خودمختار ملک کی حیثیت سے ابھرا، آزادی ایک بے بہا نعمت ہے اور اس کی حفاظت، بقا اور استحکام ہر پاکستانی کا مشترکہ فرض ہے۔ سید یوسف رضا گیلانی نے تمام پارلیمنٹیرین پر زور دیا کہ وہ سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر ملک کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے خلوصِ نیت سے اپنا کردار ادا کریں۔اس موقع پر انہوں نے مسلح افواج، سکیورٹی اداروں اور قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کو خراجِ تحسین پیش کیا جو اپنی جانوں کی پروا کیے بغیر ملک کی آزادی اور خودمختاری کے محافظ ہیں۔چیئرمین سینیٹ نے اپنے پیغام میں کشمیری اور فلسطینی عوام کو بھی یاد کیا جو ظلم و جبر کے خلاف اپنی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں اور یقین دلایا کہ پاکستان ان کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت اس وقت تک جاری رکھے گا جب تک وہ اپنی منزل حاصل نہیں کر لیتے۔۔