چیئرمین سینیٹ کی فلسطین، روانڈا اور الجیریا کے پارلیمانی رہنماؤں سے ملاقاتیں، بین الاقوامی سپیکرز کانفرنس میں شرکت کرنے پر تمام وفود سے اظہارِ تشکر
اسلام آباد (آن لائن)چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے پارلیمانی رہنماؤں کو مل کر کردار ادا کرنا ہوگا،بین الاقوامی پارلیمانی تنظیم آئی ایس سی دنیا کے رہنماؤں کو تجربات کے تبادلے کا مؤثر پلیٹ فارم فراہم کرتی ہے۔ چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے بین الاقوامی پارلیمانی تعلقات کو فروغ دینے کے لیے فلسطین، روانڈا اور الجیریا کے پارلیمانی رہنماؤں سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں۔ انہوں نے بین الاقوامی اسپیکرز کانفرنس میں شرکت کرنے والے تمام وفود سے اظہارِ تشکر بھی کیا۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے پارلیمانی رہنماؤں کو مل کر کردار ادا کرنا ہوگا، اور بین الاقوامی پارلیمانی تنظیم آئی ایس سی دنیا کے رہنماؤں کو تجربات کے تبادلے کا مؤثر پلیٹ فارم فراہم کرتی ہے۔فلسطینی اسپیکر روحی فتوح سے ملاقات میں چیئرمین سینیٹ نے فلسطینی عوام کے حوصلے اور عزم کو خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ مشرق وسطیٰ میں پائیدار امن کے لیے مسئلہ فلسطین کا منصفانہ حل ناگزیر ہے۔ انہوں نے حالیہ جنگ بندی کے معاہدے کو خوش آئند قرار دیا اور کسی بھی خلاف ورزی کی سخت مذمت کی۔ فلسطینی وفد نے پاکستان کی حکومت، پارلیمان اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔روانڈا کے سینیٹ کے صدر سے ملاقات میں چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان روانڈا کے ساتھ تعلقات کو اہمیت دیتا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان تاریخی دوستانہ تعلقات باعثِ فخر ہیں