مکہ معاہدے کے تحت ذمہ داریاں پوری کرینگے:دفترخارجہ سعودی عرب کی خودمختاری او رسلامتی کیلئے ساتھ کھڑے ہیں:شہبازشریف
پاکستان کی امن کی کوششوں کو کمزوری نہ سمجھا جائے ‘ پاکستان اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لئے پوری طرح تیار ہے ‘کسی بھی جارحیت کا موثر جواب دیا جائے گا:ترجمان دفترخارجہ
مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید گہرا، وسیع کرنے اور موجودہ ادارہ جاتی مکینزم کو مزید مستحکم کرنے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں:وزیراعظم کی سعودی عرب کے نئے سفیرسے ملاقات میں گفتگو
اسلام آباد(آئی این پی )پاکستان نے سعودی عرب پر حوثی باغیوں کے حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے وہ سعودی عرب کے حقِ دفاع کی مکمل حمایت کرتا ہے، اور بھارت کو بھی خبردار کیا ہے کہ پاکستان کی امن کی کوششوں کو کمزوری نہ سمجھا جائے اور مئی 2025 کا جواب یاد رکھا جائے۔ترجمان دفتر خارجہ سجاد حیدر خان نے جمعہ کو ہفتہ وار نیوز بریفنگ کے دوران کہا کہ پاکستان سعودی عرب پر ہونے والے حملوں کی مذمت کرتا ہے اور اس مشکل وقت میں سعودی عرب کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔ حوثی باغیوں کے حملے خطے کے استحکام کیلئے خطرہ ہیں۔ ان کے مطابق پاکستان نے 11 اکتوبر کو آر فور ممالک، سعودی عرب، ترکیہ اور مصر کے ساتھ مل کر ریاض ایئرپورٹ سمیت سعودی عرب پر ہونے والے حملوں کی مذمت کی تھی۔ان کا کہنا تھا چاروں ممالک نے سعودی عرب کے ساتھ یکجہتی اور مملکت کا اپنی سرزمین اور شہریوں کے دفاع کے جائز حق کی حمایت جاری رکھنے کا اعادہ کیا۔ ترجمان کا یہ بھی کہنا تھا کہ چاروں ممالک نے ان حملوں کو فوری اور غیر مشروط طور پر بند کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔انہوں نے واضح کیا پاکستان مکہ معاہدے کے تحت سعودی عرب کے ساتھ کھڑا ہے اور مشترکہ دفاعی معاہدے کے حوالے سے اپنے عزم پر قائم ہے۔ دریں اثناء وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے سعودی عرب کے ساتھ باہمی دفاعی معاہدہ اور مکہ مشترکہ دفاعی اتحاد، دونوں ممالک کے دیرینہ برادرانہ تعلقات میں تاریخی سنگِ میل کی حیثیت رکھتے ہیں،دونوں معاہدے علاقائی امن و سلامتی کیلئے ہمارے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتے ہیں۔وزیراعظم شہباز شریف سے سعودی عرب کے نو تعینات سفیر ڈاکٹر راجح تامی البقمی نے جمعہ کو ملاقات کی۔ وزیراعظم نے پاکستان آمد اور نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر ڈاکٹر راجح تامی البقمی کو مبارکباد دی اور سعودی سفیر کی سفارتی ذمہ داریوں میں کامیابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کیلئے پاکستان کی جانب سے مکمل حمایت اور تعاون کا یقین دلایا۔ ۔اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا حالیہ برسوں میں پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات میں نمایاں پیشرفت ہوئی ہے، مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید گہرا، وسیع کرنے کے لئے موجودہ ادارہ جاتی مکینزم کو مزید مستحکم کرنے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔ وزیراعظم نے سعودی عرب کے خلاف حوثی حملوں میں حالیہ اضافے کی شدید مذمت کی، جن کے نتیجے میں قیمتی جانیں ضائع ہوئیں اور پاکستانی شہریوں سمیت متعدد افراد زخمی ہوئے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب ہمیشہ ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑے رہے ہیں،
اسٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدہ اور مکہ مشترکہ دفاعی اتحاد دونوں ممالک کے دیرینہ برادرانہ تعلقات میں تاریخی سنگِ میل کی حیثیت رکھتے ہیں، یہ دونوں معاہدے علاقائی امن و سلامتی کے لئے ہمارے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتے ہیں۔ انہوں نے ایک بار پھر یہ عزم دہرایا کہ پاکستان، مملکتِ سعودی عرب کی خودمختاری، سلامتی اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لئے ثابت قدمی سے ساتھ کھڑا ہے۔انہوں نے پاکستان کو طویل مدتی اقتصادی اور مالی معاونت کی فراہمی پر سعودی قیادت کا شکریہ بھی ادا کیا۔