اسلام آباد میں ای سی او وزرائے خارجہ کونسل کا 30 واں اجلاس کل سے شروع ہوگا، اسحاق ڈار صدارت کریں گے

اسلام آباد میں ای سی او وزرائے خارجہ کونسل کا 30 واں اجلاس کل سے شروع ہوگا، اسحاق ڈار صدارت کریں گے

اسلام آباد: اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) وزرائے خارجہ کونسل کا 30 واں اجلاس 15 اور 16 نومبر کو اسلام آباد میں منعقد ہوگا، جس میں تنظیم کے رکن ممالک کے وزرائے خارجہ اور اعلیٰ سطح کے وفود شرکت کریں گے۔ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار اجلاس کی صدارت کریں گے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق اجلاس کے دوران اقتصادی تعاون تنظیم کی مختلف سرگرمیوں، پروگراموں اور ذیلی اداروں کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔ اجلاس میں علاقائی تعاون، اقتصادی روابط اور رکن ممالک کے درمیان شراکت داری کو مزید مستحکم بنانے کے امور بھی زیر غور آئیں گے۔

واضح رہے کہ پاکستان سال 2026-27 کے لیے اقتصادی تعاون تنظیم کا چیئرمین ہے۔ پاکستان کی سربراہی کا بنیادی موضوع علاقائی تعاون کی بحالی اور ایک مضبوط و مستحکم ای سی او کی تشکیل ہے۔

پاکستان کی صدارت کے دوران علاقائی روابط اور اقتصادی انضمام کے فروغ پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ اس سلسلے میں علاقائی شراکت داری، مشترکہ خوشحالی اور پائیدار ترقی کے حصول کے لیے تعاون کو مزید تیز کرنے کی کوششیں کی جائیں گی تاکہ ای سی او کو معاشی اشتراک اور باہمی مکالمے کا ایک مؤثر پلیٹ فارم بنایا جا سکے۔

دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان کو خطے میں رابطوں کا مرکز اور تجارتی و لاجسٹک سپلائی چینز کا اہم محور بنانے کے لیے بھی اقدامات جاری ہیں۔ اجلاس میں علاقائی تجارت کے فروغ اور خطے کی معاشی صلاحیت سے بھرپور استفادے کے لیے عملی تجاویز اور اقدامات پر غور کیا جائے گا۔