نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس میں شرکت کے لیے 18 فروری کو نیویارک روانہ ہوں گے۔
سفارتی ذرائع کے مطابق یہ اجلاس چین کی زیر صدارت منعقد کیا جا رہا ہے، جس کا موضوع "کثیر جہتی قابل عمل: اصلاحات اور عالمی طرز حکمرانی کو بہتر بنانے" ہوگا۔ چین نے اپنی فروری 2025 کی گردشی صدارت کے دوران یہ اجلاس طلب کیا ہے، جس کی صدارت چینی وزیر خارجہ وانگ ژی کریں گے۔اسحاق ڈار اقوام متحدہ سلامتی کونسل کے اس اعلیٰ سطحی اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے اور اجلاس کے دوران عالمی گورننس، اقوام متحدہ میں اصلاحات اور بین الاقوامی تعلقات پر گفتگو کریں گے۔ذرائع کے مطابق اسحاق ڈار اجلاس کے موقع پر دیگر ممالک کے وزرائے خارجہ سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔
علاوہ ازیں، ان کی اقوام متحدہ کے سینئر حکام کے ساتھ بھی دو طرفہ ملاقاتیں متوقع ہیں، جن میں عالمی اقتصادی صورتحال، سلامتی کے امور اور پاکستان کی سفارتی پالیسیوں پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔یہ اجلاس ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب دنیا کو اقتصادی مشکلات، جغرافیائی کشیدگی اور اقوام متحدہ کے ڈھانچے میں اصلاحات جیسے چیلنجز درپیش ہیں۔ پاکستان اجلاس میں بین الاقوامی مالیاتی اصلاحات، ترقی پذیر ممالک کے مسائل اور عالمی حکمرانی میں مؤثر کردار پر اپنی پالیسیوں کو اجاگر کرے گا۔