ویب ڈیسک: سابق آسٹریلوی اوپنر ڈیوڈ وارنر نے ٹی 20 کرکٹ میں ایک اہم سنگ میل عبور کر لیا ہے۔
پیر کے روز دی ہنڈرڈ مقابلے میں لندن اسپرٹ کی جانب سے 51 گیندوں پر 71 رنز بنانے کے بعد وارنر نے ٹی 20 میں آل ٹائم سب سے زیادہ رنز بنانے والوں کی فہرست میں ویرات کوہلی کو پیچھے چھوڑ دیا۔اب وارنر نے 419 ٹی 20 میچز میں مجموعی طور پر 13,545 رنز بنا کر پانچویں نمبر حاصل کر لیا ہے، جبکہ ویرات کوہلی 414 میچز میں 13,543 رنز بنا کر چھٹی پوزیشن پر چلے گئے ہیں۔ وارنر ٹی 20 کرکٹ میں 8 سنچریاں اور 113 نصف سنچریاں بنانے والے بیٹر ہیں اور سب سے زیادہ ففٹی پلس اسکورز کرنے کا اعزاز بھی رکھتے ہیں۔
ٹی 20 کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ کرس گیل (14,562 رنز) کے پاس ہے۔ اس کے علاوہ کیرون پولارڈ 13,854 رنز کے ساتھ دوسرے، ایلکس ہیلز 13,814 رنز کے ساتھ تیسرے اور شعیب ملک 13,571 رنز کے ساتھ چوتھے نمبر پر موجود ہیں۔یہ کارکردگی وارنر کی مستقل مزاجی اور طویل عرصے تک ٹی 20 کرکٹ میں اعلیٰ معیار کے مظاہرے کو ظاہر کرتی ہے، جس نے انہیں اس فارمیٹ کے سب سے بڑے بیٹرز میں شامل کر دیا ہے۔