سینڈ پیپر اسکینڈل میں کوچز بھی ملوث تھے، کیمرون بینکرافٹ کا نیا دعویٰ

سینڈ پیپر اسکینڈل میں کوچز بھی ملوث تھے، کیمرون بینکرافٹ کا نیا دعویٰ

سڈنی: آسٹریلیا کے سابق کرکٹر کیمرون بینکرافٹ نے 2018 کے بدنام زمانہ سینڈ پیپر اسکینڈل سے متعلق کئی سال کی خاموشی توڑتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ جنوبی افریقا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں گیند کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کے معاملے سے صرف اسٹیو اسمتھ اور ڈیوڈ وارنر ہی نہیں بلکہ پوری آسٹریلوی ٹیم آگاہ تھی۔

بینکرافٹ نے اپنے تفصیلی بیان میں اعتراف کیا کہ اسکینڈل کی ابتدائی تحقیقات کے دوران انہوں نے مکمل سچ بیان نہیں کیا تھا اور کئی اہم تفصیلات چھپائی تھیں۔ ان کے مطابق ایسا انہوں نے ٹیم کے دیگر ارکان کو ممکنہ مشکلات سے بچانے کے لیے کیا تھا۔سابق آسٹریلوی کرکٹر کے مطابق جنوبی افریقا کے خلاف پورٹ ایلزبتھ ٹیسٹ کے دوسرے روز چائے کے وقفے کے دوران ڈریسنگ روم میں گیند کو ریورس سوئنگ کرانے کے لیے سینڈ پیپر استعمال کرنے کی تجویز پیش کی گئی۔ بینکرافٹ کا دعویٰ ہے کہ یہ تجویز ڈیوڈ وارنر نے دی تھی جبکہ اس وقت کوچ ڈیوڈ سیکر اور ڈیرن لی مین بھی وہاں موجود تھے۔ ان کے بقول اسٹیو اسمتھ نے خود کو اس معاملے سے الگ کرلیا تھا۔بینکرافٹ نے کہا کہ انہیں گیند پر سینڈ پیپر استعمال کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی اور انہوں نے ٹیم کی خاطر یہ کام قبول کرلیا۔ ان کا مزید دعویٰ ہے کہ میچ کے دوران پیٹ کمنز، مچل اسٹارک، جوش ہیزل ووڈ اور مچل مارش سمیت دیگر کھلاڑی گیند کی حرکت کے حوالے سے ان سے گفتگو کرتے اور اپنی رائے دیتے رہے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میں بھی گیند کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کا سلسلہ جاری رہا، جہاں ٹی وی کیمروں نے انہیں سینڈ پیپر استعمال کرتے ہوئے پکڑ لیا۔ اس واقعے کے بعد آسٹریلوی ٹیم میں شدید تنازع پیدا ہوا اور کرکٹ آسٹریلیا نے معاملے کی تحقیقات کیں۔بینکرافٹ کے مطابق واقعے کے بعد ہونے والی ٹیم میٹنگ میں کسی کھلاڑی نے اس معاملے سے لاعلمی ظاہر نہیں کی، تاہم بعد میں اس کی ذمہ داری چند کھلاڑیوں تک محدود کردی گئی۔سابق کرکٹر نے آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز کی حالیہ پریس کانفرنس پر بھی ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے سامنے پیش کی جانے والی کہانی ان کے اپنے تجربات اور مشاہدات سے مختلف ہے۔بینکرافٹ نے واضح کیا کہ وہ کرکٹ آسٹریلیا کے مجوزہ آزاد فورم میں شرکت کریں گے تاکہ آٹھ سال بعد اس اسکینڈل سے متعلق مکمل حقائق سامنے لائے جا سکیں۔