کراچی: پاکستانی نجی ایئرلائن فلائی جناح کے بیڑے میں شامل ہونے والا بالکل نیا ایئربس A320neo طیارہ کراچی پہنچ گیا۔
کراچی ایئرپورٹ پر لینڈنگ کے بعد پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کی جانب سے طیارے کو واٹر سیلوٹ پیش کیا گیا۔ذرائع کے مطابق برانڈ نیو طیارہ پاکستانی رجسٹریشن نمبر AP-BQA کے ساتھ فرانس کے شہر ٹولوز میں واقع ایئربس کے ہیڈکوارٹرز سے فیری فلائٹ کے ذریعے کراچی پہنچا۔ طیارے کا مینوفیکچرر سیریل نمبر 13606 ہے، جبکہ اس میں جدید CFM LEAP-1A26 انجن نصب ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ کسی نجی پاکستانی ایئرلائن کے بیڑے میں شامل ہونے والا پہلا بالکل نیا طیارہ ہے، جو پاکستان کی نجی فضائی صنعت کے لیے ایک اہم پیش رفت ہے۔نئے طیارے نے 2 نومبر کو فرانس کے شہر ٹولوز میں اپنی پہلی کامیاب آزمائشی پرواز مکمل کی تھی۔ یہ پرواز 2 گھنٹے اور 2 منٹ تک جاری رہی، جس کے دوران طیارے کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔
ذرائع کے مطابق 10 نومبر کو مختلف مراحل مکمل کرنے کے بعد طیارے کو بیرون ملک سے پاکستان منتقل کرنے کے لیے تیار کیا گیا تھا، جس کے بعد اسے کراچی پہنچا دیا گیا۔فلائی جناح کے بیڑے میں شامل ہونے والا جدید ایئربس A320neo طیارہ ایندھن کی بچت کے حوالے سے بھی نمایاں خصوصیات رکھتا ہے۔ فراہم کردہ معلومات کے مطابق یہ گزشتہ ماڈلز کے مقابلے میں فی نشست کم از کم 20 فیصد کم ایندھن استعمال کرتا ہے۔طیارے میں نصب جدید ریڈار سسٹم اور دیگر ٹیکنالوجی کے باعث اس کی پرواز کی حد 3 ہزار 400 ناٹیکل میل تک بتائی گئی ہے۔