میلبورن: ہوا بازی کی تاریخ میں ایک نیا سنگ میل عبور کرلیا گیا، یورپی طیارہ ساز کمپنی ایئربس کے جدید طیارے اے 350-1000 یو ایل آر نے مسلسل 24 گھنٹے اور 24 منٹ پرواز کرکے فاصلے کے اعتبار سے کسی کمرشل ایئرلائنر کی طویل ترین پرواز کا گنیز ورلڈ ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔
ایئربس کے مطابق طیارے نے آسٹریلیا کے شہر میلبورن سے فرانس کے شہر ٹولوز تک 23 ہزار 155 کلومیٹر کا فاصلہ بغیر کسی وقفے کے طے کیا۔ اس تاریخی پرواز کا باضابطہ اعلان 9 نومبر 2026 کو کیا گیا، جبکہ ریکارڈ قائم کرنے والی پرواز 27 جولائی کو شروع ہوئی اور 28 جولائی کو مکمل ہوئی۔ پرواز کے دوران طیارے نے بحرالکاہل اور بحر اوقیانوس عبور کیے اور شمالی امریکا کے اوپر سے گزرتے ہوئے یورپ میں داخل ہوا۔ اس کی پرواز کا راستہ میلبورن سے شروع ہوکر سڈنی کے اوپر سے بحرالکاہل کی جانب بڑھا، جہاں سے طیارہ شمالی امریکا عبور کرتے ہوئے بحر اوقیانوس کے راستے فرانس پہنچا۔اس ریکارڈ کی تصدیق انٹرنیشنل ایئروناٹیکل فیڈریشن اور فلائٹ ریڈار 24 کے فراہم کردہ ڈیٹا کی مدد سے کی گئی۔ طیارے نے مجموعی طور پر 12 ہزار 503 ناٹیکل میل، یعنی 23 ہزار 155 کلومیٹر کا فاصلہ طے کیا۔ اس تاریخی سفر کی ایک دلچسپ بات یہ بھی تھی کہ طیارے میں سوار عملے کو تین براعظموں اور دو سمندروں کے اوپر سے گزرتے ہوئے دو مرتبہ سورج غروب ہوتا اور دو مرتبہ طلوع ہوتا دکھائی دیا۔ پرواز میں مجموعی طور پر 13 افراد سوار تھے، جن میں ایئربس کے ٹیسٹ پائلٹس، انجینئرز، کنٹاس ایئرلائن کے پائلٹس اور انٹرنیشنل ایئروناٹیکل فیڈریشن کا ایک نمائندہ شامل تھا۔ یہ ریکارڈ ساز پرواز ایئربس کے پراجیکٹ سن رائز کے تحت جاری آزمائشی مہم کا حصہ تھی۔ اس منصوبے کے تحت آسٹریلوی فضائی کمپنی کنٹاس کے لیے ایسے جدید طیارے تیار کیے جا رہے ہیں جو آسٹریلیا سے یورپ اور امریکا تک طویل فاصلے کے سفر بغیر کسی درمیانی اسٹاپ کے مکمل کرسکیں۔
ایئربس کمرشل ایئرکرافٹ کے سربراہ لارس ویگنر نے اس کامیابی کو کمپنی اور کنٹاس کی مشترکہ کوششوں کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے طیارے کی غیر معمولی صلاحیت اور طویل فاصلے تک پرواز کرنے کی استعداد ثابت ہوئی ہے۔ اے 350-1000 یو ایل آر کی نمایاں خصوصیت اس میں اضافی ایندھن ذخیرہ کرنے کے لیے نصب کیا گیا ریئر سینٹر فیول ٹینک ہے، جس کی مدد سے طیارے کی پرواز کی حد میں تقریباً ایک ہزار ناٹیکل میل کا اضافہ ہوا ہے۔ اس ٹیکنالوجی کے ذریعے طیارہ تقریباً 10 ہزار ناٹیکل میل کے انتہائی طویل فضائی روٹس پر پرواز کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، جن میں سڈنی سے لندن اور نیویارک کے براہ راست فضائی سفر شامل ہیں۔
کنٹاس ایئرلائن نے پراجیکٹ سن رائز کے تحت ایسے 12 طیاروں کا آرڈر دے رکھا ہے۔ پہلے طیارے کی ڈیلیوری اپریل 2027 میں متوقع ہے، جبکہ سڈنی سے لندن کے درمیان روزانہ نان اسٹاپ کمرشل پروازیں اکتوبر 2027 سے شروع کرنے کا منصوبہ ہے۔