وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی کا دو گھنٹے طویل دورہ کیا، جہاں انہوں نے امیگریشن کاؤنٹرز پر جاری پراسیس کا تفصیلی جائزہ لیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر داخلہ نے بیرونِ ملک جانے والے مسافروں سے ملاقات کی اور ان سے امیگریشن پراسیس سے متعلق سوالات کیے۔ انہوں نے سعودی عرب جانے والے مسافروں کی سفری دستاویزات بھی چیک کیں۔محسن نقوی نے بعض مسافروں کی دستاویزات کی خود ایف آئی اے حکام سے تصدیق کرائی، جبکہ نامکمل دستاویزات پر تین مسافروں کو روکنے والے ایف آئی اے افسر کی حوصلہ افزائی بھی کی۔ اس موقع پر وزیر داخلہ نے کہا کہ اے ایس آئی عامر لاشاری نے فرض شناسی کی اعلیٰ مثال قائم کی ہے اور ایسے باصلاحیت ایف آئی اے ملازمین ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ نے واضح کیا کہ نامکمل یا بغیر تصدیق شدہ دستاویزات کے حامل مسافروں کو کسی صورت سفر کی اجازت نہیں دی جا سکتی، جبکہ مسافروں کی آڑ میں پیشہ ور بھکاریوں کو بیرونِ ملک جانے کی اجازت ہرگز نہیں دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی عزت اور وقار سب سے زیادہ عزیز ہے اور اس پر کسی صورت آنچ نہیں آنے دی جائے گی۔ درست اور مکمل دستاویزات کے حامل کسی مسافر کو نہ روکا گیا ہے اور نہ روکا جائے گا۔محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پاکستان کے وقار کو بلند رکھنا اور مسافروں کے لیے سہولیات پیدا کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔