ڈیرہ اسماعیل خان کے تھانہ درازندہ کی حدود میں واقع چوکی امان میلہ پر دہشتگردوں کا حملہ ہوا، جسے پولیس کی بروقت اور مؤثر جوابی کارروائی نے ناکام بنا دیا۔
ترجمان ڈیرہ اسماعیل خان پولیس کے مطابق، دہشتگردوں نے اس چوکی پر چھوٹے اور بڑے ہتھیاروں سے حملہ کیا، مگر چوکی میں موجود اہلکاروں نے بہادری اور حوصلہ کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھرپور جواب دیا۔ اس کے نتیجے میں دہشتگرد حملہ آور افراتفری کا فائدہ اٹھانے میں ناکام رہے اور فرار ہونے پر مجبور ہوگئے۔پولیس کے مطابق، اس حملے کے دوران تمام اہلکار محفوظ رہے اور کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔ حملے کے بعد علاقے میں سرچ آپریشن کیا گیا، جس میں پولیس نے چوکی کے اطراف سے 25 کلو اور 3 کلو بارودی مواد پر مشتمل دو آئی ای ڈیز برآمد کیں۔ بم ڈسپوزل یونٹ کے اہلکاروں نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر ان دیسی ساختہ بموں کو ناکارہ بنا دیا، جس سے بڑے نقصان کا خطرہ ٹل گیا۔
ڈی پی او ڈیرہ اسماعیل خان ضیاء الدین نے حملے کے بعد پولیس اہلکاروں کی بروقت کارروائی کو سراہا اور انہیں شاباش دی۔ انہوں نے کہا کہ یہ بہادر جوان علاقائی امن کے لیے ہمارے فخر ہیں، اور ڈی آئی خان پولیس نے امن و امان کے قیام کے لیے بے شمار قربانیاں دی ہیں۔ یہ کارروائی علاقہ میں دہشتگردوں کے عزائم کو خاک میں ملا دینے کے لیے ایک اہم اقدام ہے۔