سڈنی: آسٹریلوی کرکٹ کا 2018 کا بدنامِ زمانہ بال ٹیمپرنگ اسکینڈل ایک بار پھر موضوعِ بحث بن گیا ہے۔
کیمرون بینکرافٹ کی جانب سے تقریباً 4 ہزار الفاظ پر مشتمل تفصیلی بیان سامنے آنے کے بعد آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز نے واقعے سے لاعلمی کے اپنے سابقہ مؤقف پر قائم رہنے کا اعلان کیا ہے۔کیمرون بینکرافٹ نے اپنے بیان میں جنوبی افریقا کے خلاف پورٹ الزبتھ اور کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میچز کے دوران گیند کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کے واقعے سے متعلق اہم تفصیلات بیان کی ہیں۔ ان انکشافات نے 2018 کے اسکینڈل اور اس میں ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں کے ممکنہ کردار سے متعلق بحث کو دوبارہ زندہ کر دیا ہے۔بینکرافٹ کے بیان کو عثمان خواجہ کے اس مؤقف کی تائید کے طور پر بھی دیکھا جا رہا ہے کہ ٹیم کے متعدد کھلاڑیوں کو بال ٹیمپرنگ کے معاملے کا علم تھا۔ تاہم ان انکشافات کے بعد بھی واقعے سے متعلق تمام سوالات کے جوابات سامنے نہیں آسکے۔
دوسری جانب پیٹ کمنز نے اپنے سابقہ بیان میں کسی تبدیلی سے انکار کیا ہے۔ ان کے ایجنٹ نیل میکسویل نے کرکٹ ویب سائٹ کرک انفو سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کمنز گزشتہ آٹھ برس سے اپنے مؤقف پر قائم ہیں اور ان کے بیان میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔نیل میکسویل کے مطابق پیٹ کمنز نے آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کی ساکھ بحال کرنے کے لیے طویل جدوجہد کی ہے اور وہ اپنے سابقہ مؤقف پر بدستور قائم ہیں۔
بینکرافٹ کو کمنز کے بیان پر تحفظات
کیمرون بینکرافٹ نے پیٹ کمنز کی حالیہ پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ان کے بیان نے انہیں غصے، دھوکے اور تنہائی کا احساس دلایا۔ بینکرافٹ کے تازہ مؤقف کے بعد آسٹریلوی کرکٹ میں اس پرانے تنازع نے ایک مرتبہ پھر شدت اختیار کرلی ہے۔
کرکٹ آسٹریلیا کا آزاد فورم قائم کرنے کا اعلان
کرکٹ آسٹریلیا نے معاملے کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لینے اور حقائق سامنے لانے کے لیے ایک آزاد فورم قائم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس فورم میں 2018 کے جنوبی افریقا کے دورے میں شامل کھلاڑیوں اور دیگر متعلقہ افراد کو اپنا مؤقف پیش کرنے کا موقع دیا جائے گا۔تاہم کرکٹ آسٹریلیا کے مطابق تازہ انکشافات کے باوجود مزید پابندیاں عائد کیے جانے کا امکان نہیں ہے۔ سابق آسٹریلوی کوچ ڈیرن لی مین نے بھی نئے انکشافات کا جائزہ لینے کا عندیہ دیا ہے۔