مائیکرو سافٹ سروسز میں خرابی،74ممالک کے صارفین کو مشکلات

واشنگٹن (خصوصی رپورٹ) مائیکروسافٹ کی ای میل اور دیگر ڈیجیٹل سروسز میں دنیا بھر میں 12 گھنٹے سے زائد جاری رہنے والی خرابی سے سرکاری اداروں، ہسپتالوں، کاروباری کمپنیوں اور تعلیمی اداروں کا کام متاثر ہوا، تاہم کمپنی نے جمعہ کو کہا ہے کہ اس کے نظام کی بحالی میں بہتری آ رہی ہے۔ خرابی کے باعث بعض ہسپتالوں میں مریضوں کی معلومات کی منتقلی رک گئی، کمپنیوں کے مالیاتی نتائج کے اعلانات مئوخر ہوئے اور سکولوں کو رابطے برقرار رکھنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔اے ایف پی کے مطابق مائیکروسافٹ نے اپنی تازہ پیش رفت سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ شمالی امریکامیں سروسز کی بحالی میں نمایاں بہتری آئی ہے، یورپ کے بیشتر حصوں میں بھی بہتری برقرار ہے جبکہ ایشیا اور بحرالکاہل کے خطے سے بھی بحالی کے حوصلہ افزا اشارے مل رہے ہیں۔کمپنی نے خرابی کی وجہ اپنے ڈیجیٹل نظام پر غیر معمولی دبائو کو قرار دیا ہے، اس کا کہنا ہے کہ مختلف خطوں میں اس کے سرورز پر صارفین کا بوجھ بڑھنے سے رابطوں میں مسائل پیدا ہوئے۔ مائیکروسافٹ نے یہ بھی واضح کیا کہ اسے اب تک کسی سائبر حملے یا بدنیتی پر مبنی سرگرمی کا علم نہیں ہوا۔تاہم کمپنی کی جانب سے اصلاحی اقدامات کے باوجود تمام سروسز کی مکمل بحالی میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔ ڈیجیٹل سروسز کی بندش اور خرابیوں پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ ڈائون ڈیٹیکٹر کے مطابق جمعہ کی صبح نو بجے (جی ایم ٹی) تک صارفین کی جانب سے شکایات کی تعداد میں کمی آنا شروع ہو گئی تھی۔خرابی نے ایک گھنٹے کے اندر عالمی سطح پر اثر دکھانا شروع کر دیا تھا اور ڈائون ڈیٹیکٹر کے مطابق مائیکروسافٹ کی سروسز 74 ممالک اور علاقوں میں متاثر ہوئیں۔ اس کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری کردہ نقشے میں امریکا، یورپ، ایشیا اور افریقہ کے بعض حصوں میں صارفین کو درپیش مسائل کی نشاندہی کی گئی۔برطانیہ کی ایک بڑی ٹریڈ یونین نے خبردار کیا ہے کہ مائیکروسافٹ کی سروسز میں خرابی سے ملک کے سرکاری صحت کے نظام کو شدید نقصان پہنچ رہا ہے۔جی بی ایم یونین کے شعبہ پبلک سروسز کی سربراہ ریچل ہیریسن نے کہا کہ ہنگامی فون کالز وصول کرنے والے نیشنل ہیلتھ سروس کے عملے کو مریضوں کی معلومات معمول کے طریقے سے متعلقہ شعبوں تک پہنچانے میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔ ان کے بقول اس صورت حال کے باعث مریضوں کے معاملات کا بڑا انبار جمع ہو رہا ہے اور نظام میں بدنظمی پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔مائیکروسافٹ کی سروسز میں خرابی کے اثرات مختلف ممالک میں بھی محسوس کیے گئے۔ بھارت کی فضائی کمپنیوں نے خبردار کیا کہ صارفین کی جانب سے بھیجی جانے والی ای میلز انہیں موصول نہیں ہو رہیں یا ان کے جوابات میں تاخیر ہو سکتی ہے۔نیوزی لینڈ نے مائیکروسافٹ کی عالمی سطح پر جاری خرابی کے باعث ویزا درخواستوں پر کارروائی عارضی طور پر روک دی۔ جاپان نے بھی خبردار کیا کہ اس خرابی کے اثرات وسیع ہو سکتے ہیں۔ بھارت کی فضائی کمپنیوں انڈیگو اور آکاسا ایئر نے بھی سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بتایا کہ ان کی ای میل کے ذریعے صارفین کو مدد فراہم کرنے کی سروس متاثر ہوئی ہے اور ممکن ہے کہ وہ صارفین کی ای میلز وصول نہ کر سکیں۔آسٹریلیا کی کمپیوٹر سوسائٹی نے ملک میں سرکاری اور نجی اداروں کے آئی ٹی نظاموں کو لاحق خطرات کا قومی سطح پر جائزہ لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ مائیکروسافٹ نے ابتدا میں کہا تھا کہ اسے امریکا کے مختلف حصوں میں سروسز کی بندش کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں اور وہ ان کی تحقیقات کر رہا ہے، تاہم بعد میں کمپنی نے تصدیق کی کہ مسئلہ کسی ایک خطے تک محدود نہیں بلکہ دنیا کے کسی بھی حصے میں موجود Microsoft 365 صارفین کے رابطے متاثر ہو سکتے ہیں۔کمپنی نے ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ اس کے بنیادی ڈیجیٹل نظام کے بعض حصوں پر مختلف خطوں میں غیر معمولی دبائو پڑ رہا ہے، جس کے باعث صارفین کو سروسز تک رسائی میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔ کمپنی نے مزید کہا کہ وہ اس خرابی کے اثرات کم کرنے کیلئیے تمام ممکنہ اقدامات تیزی سے کر رہی ہے۔اس واقعے نے ایک بار پھر واضح کر دیا ہے کہ جدید دنیا میں سرکاری خدمات، صحت، فضائی سفر، کاروبار اور دفتری رابطوں کا بڑا حصہ چند ٹیکنالوجی کمپنیوں کے ڈیجیٹل نظام سے جڑ چکا ہے اور ان میں ایک بڑی خرابی بھی کئی ممالک کے روزمرہ معاملات کو متاثر کر سکتی ہے۔