کیبل خرابی:انٹرنیٹ تاحال متاثر، صارفین کو بدستور مشکلات

صارفین کو برائوزنگ، ویڈیو اپ لوڈنگ، ڈائون لوڈنگ میں بدستور مشکلات کا سامنا 
830گیگا بائٹس کا متبادل بندوبست، 170گیگا بائٹس قلت ہے:وزارت آئی ٹی 
اسلام آباد (خصوصی رپورٹ)عالمی سب میرین کیبل میں خرابی سے پاکستان میں انٹرنیٹ سروس تاحال متاثر ہے ، وزارت آئی ٹی کا دعویٰ ہے کہ متبادل روٹ پر انٹرنیٹ ٹریفک کو منتقل کر دیا گیا تاہم صارفین کو بدستور برائوزنگ ، ویڈیو اپ لوڈنگ، ڈائون لوڈنگ میں مشکلات کا سامنا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق عالمی سب میرین کیبل میں خرابی سے پاکستان میں انٹرنیٹ سروس مکمل طور پر کام نہیں کر رہی، وزارت آئی ٹی کا دعویٰ ہے کہ ایک ہزار گیگابائٹس فی سیکنڈ میں سے آٹھ سو تیس گیگا بائٹس کا متبادل بندوبست کر دیا گیا۔ ایک سو ستر گیگا بائٹس فی سیکنڈ کی قلت کا ابھی تک سامنا ہے۔ گزشتہ روز سب میرین کیبل ڈبل اے ای ون میں خرابی سے ایک ہزار گیگا بائٹس فی سیکنڈ ڈیٹا ٹریفک متاثر ہوئی تھی۔ وزیر مملکت شزہ فاطمہ نے اپنے بیان میں کہا چھ سو تیس گیگا بائٹس فی سیکنڈ ٹریفک کو متبادل روٹ پر منتقل کر دیا گیا۔ دو سو گیگا بائٹس فی سیکنڈ ٹریفک بھی جلد متبادل روٹ پر منتقل کر دیں گے۔ انٹرنیٹ سپیڈ کی مکمل بحالی کے حوالے سے پی ٹی اے اور وزارت آئی ٹی سے رابطہ کرنے پر ابھی تک کوئی جواب نہیں ملا۔