سعودی عرب میں2 ڈرون تباہ‘حوثیوں کا تیل تنصیبات کو نشانہ بنانے کا دعوی

اقوام متحدہ کا حوثیوں کو میزائلوں کے پرزے روکنے، اسلحہ سازی کی صلاحیت محدود کرنے پر اتفاق
صنعا،ریاض،نیویارک(آئی این پی )یمن میں حوثی باغیوں نے  سعودی عرب کے اندر تیل کی تنصیبات اور فوجی مقامات کو نشانہ بنانے کا دعوی کیا  ہے۔ عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق انصار اللہ گروپ کے فوجی ترجمان، یحیی ساری نے ایک  بیان میں کہا کہ گروپ کی فورسز نے سعودی ایسٹ ویسٹ تیل کی پائپ لائن پر ایک ڈرون کے ذریعے پمپنگ سٹیشن نمبر سات اور بحیرہ احمر میں یانبو میں تیل کی تنصیب کو بیلسٹک میزائل سے نشانہ بنایا ہے۔ایک علیحدہ بیان میں انھوں نے دعوی کیا کہ ایک ڈرون نے ریاض میں آرامکو کی ایک تنصیب کو نشانہ بنایا۔دوسری جانب سعودی زیرقیادت اتحاد کے ترجمان ترکی المالکی نے ریاض اور مشرقی علاقوں میں دو ڈرونوں کو روکنے اور تباہ کرنے کا اعلان کیا ہے تاہم اس کی مزید تفصیلات تاحال جاری نہیں کی گئیں۔ادھر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے حوثی ملیشیا کو ڈرون اور میزائل بنانے والے پرزوں کی فراہمی روکنے اور ان کی اسلحہ سازی کی صلاحیت محدود کرنے پر اتفاق کیا ہے۔سلامتی کونسل نے حوثی ملیشیا سے اپنی کارروائیاں روکنے کا مطالبہ کرتے ہوئے اس پر عائد پابندیوں میں 14 نومبر 2027 تک توسیع کردی ہے