امریکہ کا صوبہ ہرمزگان پر فضائی حملہ‘ایران نے بحرین میں ریڈار تباہ کردیا خلیجی ممالک کی درخواست پر مزید حملے روک دیئے:ٹرمپ

جب چاہوں ایران کیخلاف جنگ جیت سکتا ہوں‘ضرورت پڑنے پر دوبارہ حملے کرنے سے نہیں ہچکچائوں گا‘ وینزویلا میں کامیابی حاصل کی ‘ خلیج پر بھی ہمارا کنٹرول ہے
 اسرائیل جا کر وزیراعظم بھی بن سکتا ہوں،  اسرائیل میں 99 فیصد مقبول ہوں، میری صدارت شاندار رہی، اگلے دو سال بھی اچھے گزریں گے:امریکی صدر کا انٹرویو 
واشنگٹن(آئی این پی)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ہم اس وقت ایران جنگ جیتنے کے مراحل میں ہیں، جب چاہوں ایران کے خلاف جنگ جیت سکتا ہوں،سعودی عرب سمیت خلیجی ممالک کی درخواست پر ایران پر مزید حملے روک دئیے،ضررورت پڑنے پر ایران پر دوبارہ حملہ کرنے سے نہیں ہچکچائوں گا۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی ٹی وی کو انٹرویو میں کہا کہ ہم نے ایران کو بالکل بے اثر کردیا ہے، ایران میں مہنگائی 301 فیصد تک پہنچ چکی ہے، ایرانی معیشت تباہ ہوچکی، فوجیوں کو تنخواہیں نہیں مل رہیں۔صدر ٹرمپ نے دھمکی دی ایران کے خلاف طاقت استعما کرنے میں کوئی ہچکچاہٹ نہیں ہوگی، ضرورت پڑی تو ابھی فوجی کارروائی کر سکتا ہوں۔انھوں نے دعوی میں مزید کہا کہ اگر ان کی درخواست نہ ہوتی تو وہ تین دنوں میں ایران کے توانائی کے بنیادی ڈھانچے، پلوں اور مینوفیکچرنگ سہولیات کو تباہ کر سکتے تھے۔ ٹرمپ نے کہا کہ وہ جنگ کو فوری طور پر ختم کر سکتے ہیں لیکن امریکہ کے علاقائی اتحادیوں کی درخواست پر انھوں نے ایران پر اقتصادی اور فوجی دبائو جاری رکھا ہوا ہے۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا وہ ایران کے خلاف مزید حملے کرتے اگر انھیں ایسی درخواستیں موصول نہ ہوتیں تو صدر ٹرمپ نے جواب دیا کہ ہاں، میں اس سے گریز نہیں کروں گا۔دریں اثناء مریکہ اور ایران کے درمیان ایک بار پھر حملوں کا تبادلہ ہوا ہے جس سے مشرق وسطی میں جاری کشیدگی میں مزید اضافہ ہوگیا۔ ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے دعوی کیا ہے کہ اس نے بحرین میں نصب امریکی ابتدائی وارننگ ریڈار کو نشانہ بنایا ہے‘ ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق پاسدارانِ انقلاب کا کہنا ہے کہ ایران کے صوبے ہرمزگان کے ضلع سیریک میں ایک ٹیلی کمیونیکیشن ٹاور کو فضائی حملے میں نشانہ بنایا گیا تھا، جس کے ردعمل میں بحرین میں امریکی ریڈار پر کارروائی کی گئی۔