بندرگاہوں کا منصوبہ پاکستان کے سو سالہ ویژن 2047 تا 2147 کا اہم حصہ ہے: محمد جنید انوار
اسلام آباد (آن لائن) وفاقی وزیرِ بحری امور محمد جنید انوار چودھری نے ملک میں نئی بندرگاہوں کی تعمیر کے لیے ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی قائم کر دی ہے جو ساحلی پٹی پر نئی ڈیپ سی پورٹس کے ممکنہ مقامات کی نشاندہی کرے گی۔وفاقی وزیر نے اپنے بیان میں کہا کہ نئی بندرگاہوں کا منصوبہ پاکستان کے سو سالہ ویژن 2047 تا 2147" کا اہم حصہ ہے۔ انہوں نے کمیٹی کو تین ماہ کے اندر تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ بندرگاہیں 2035 سے 2045 کے دوران اپنی مکمل گنجائش تک پہنچ جائیں گی، لہٰذا مستقبل کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے بروقت منصوبہ بندی ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ بڑھتی ہوئی تجارتی سرگرمیوں سے موجودہ بندرگاہوں پر دباؤ میں اضافہ متوقع ہے، اس لیے نئی بندرگاہوں کی تعمیر پاکستان کو خطے کا سمندری مرکز بنانے کی سمت ایک اہم قدم ثابت ہوگی۔