وفاقی وزیر بحری امور نے شارک کے تحفظ کیلئے 10 سالہ قومی منصوبہ پیش کردیا

  شارک کے فنز کاٹنے کی روک تھام کے لئے موثر اقدامات کیے جائیں گے،  جنیدانوار چوہدری
اسلام آباد(آئی این پی )وفاقی وزیرِ بحری امور جنید انوار چوہدری نے پاکستان میں شارک کے تحفظ اور پائیدار ماہی گیری کے فروغ کے لیے 10 سالہ قومی منصوبہ پیش کر دیا۔اس حوالے سے جنید انوار چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان 2035 تک پائیدار شارک ماہی گیری میں نمایاں مقام حاصل کرے گا۔انہوں نے کہا ہے کہ منصوبے کے پہلے 5 سال کیلئے  50 لاکھ ڈالرز تک درکار ہوں گے، جبکہ شارک کے غیر قانونی طور پر فنز کاٹنے کی روک تھام کے لئے موثر اقدامات کیے جائیں گے۔وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ شارک کی حادثاتی ہلاکتیں روکنے کے لیے بھی اقدامات کیے جائیں گے اور ان کے سمندری مسکن کو محفوظ بنایا جائے گا۔انہوں نے کہا ہے کہ شارک کی تعداد اور ذخائر کا ہر سال جائزہ لیا جائے گا، جبکہ ماہی گیر برادریوں کو متبادل روزگار کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔جنید انوار چوہدری کا کہنا ہے کہ شارک کے تحفظ سے متعلق قوانین پر عمل درآمد مزید مثر بنایا جائے گا، شارک کا تحفظ عالمی ماحولیاتی معاہدوں کے تحت پاکستان کی ذمے داری بھی ہے۔