پاکستان خطے میں امن و استحکام کیلئے پرعزم ہے، ایران سے انسدادِ دہشتگردی تعاون بڑھانا ناگزیر ہے:فیلڈ مارشل ‘پاکستان سے تعلقات مزید مضبوط کرنا چاہتے ہیں: علی لاریجانی

 قومی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا  فیلڈ مارشل
معرکہ حق میں افواج  کے عزم نے پاکستان کا عالمی وقار بڑھایا، ہماری بڑی طاقت قومی وحدت ہے،خوشحالی  کیلئے  وفاقی و صوبائی حکومتوں کے ساتھ ہم آہنگ ضروری ہیں، وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے ساتھ تعاون جاری رکھیں گے
بیرونی حمایت یافتہ شدت پسندی، پروپیگنڈے کی جنگ کے باوجود مسلح افواج پرعزم ہیں:جنرل عاصم منیر کا 27ویں  نیشنل سکیورٹی ورکشاپ کے شرکاء سے خطاب ‘ ایران کی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکرٹری سے ملاقات
راولپنڈی (آئی این پی )فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے  پاکستان کی سرزمین کا تحفظ، قومی سالمیت اور ہر پاکستانی شہری کی حفاظت پاک فوج کی اولین ترجیح ہے ،اس پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، معرکہ حق میں افواج پاکستان کے عزم نے پاکستان کا عالمی وقار بڑھایا، ہماری بڑی طاقت قومی وحدت ہے، دشمن کے عزائم ناکام بنائیں گے، بیرونی حمایت یافتہ شدت پسندی، پروپیگنڈے کی جنگ کے باوجود مسلح افواج پرعزم ہیں ،خوشحالی  کیلئے  وفاقی و صوبائی حکومتوں کے ساتھ ہم آہنگ ضروری ہیں، وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے ساتھ تعاون جاری رکھیں گے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)  کے مطابق نیشنل سیکیورٹی ورکشاپ27 کے شرکا ء نے بدھ کو  جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) کا دورہ کیا،جی ایچ کیو میں نیشنل سیکیورٹی ورکشاپ کے شرکا کو ملکی و علاقائی سیکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی  کا یہ اہم تربیتی پروگرام NSW27 ارکانِ پارلیمان، سینئر سول و عسکری افسران، ماہرینِ تعلیم اور سول سوسائٹی کے نمائندگان کو ایک پلیٹ فارم پر لاتا ہے تاکہ قومی سلامتی سے متعلق اہم امور پر جامع آگاہی فراہم کی جا سکے۔ اس موقع پر آرمی چیف نے قوم کے اتحاد کو پاکستان کی اصل قوت قرار دینے کے عزم کا اظہار کیا، دورے میں انہیں پاکستان کے علاقائی و داخلی سیکیورٹی ماحول اور مجموعی قومی سلامتی کی صورتحال پر مفصل بریفنگ دی گئی۔شرکا نے چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل   (نشان امتیاز، ملٹری) سید عاصم منیر سے خصوصی نشست میں تبادلہ خیال بھی کیا، آرمی چیف نے خطے کے تبدیل ہوتے سیکیورٹی ماحول  ،بڑھتی ہوئی جغرافیائی سیاسی مسابقت، سرحد پار دہشت گردی اور ہائبرڈ خطرات سے تشکیل پانے والے متغیر علاقائی ماحول پر روشنی ڈالی۔فیلڈ مارشل نے کہا کہ بڑھتی ہوئی جیو پولیٹیکل کشمکش، سرحد پار دہشتگردی اور ہائبرڈ جنگ جیسے چیلنجز نے صورتحال کو مزید پیچیدہ بنا دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بیرونی حمایت یافتہ دہشتگردی اور معلوماتی جنگ کے باوجود پاکستان کی مسلح افواج، انٹیلی جنس ادارے اور قانون نافذ کرنے والے ادارے قومی سلامتی کے تحفظ کے لئے غیر متزلزل عزم، پیشہ ورانہ مہارت اور ثابت قدمی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔فیلڈ مارشل  نے کہا کہ  پاکستان ایک باوقار ملک ہے اور عالمی برادری میں اسے اس کا جائز مقام ضرور حاصل ہوگا۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان کی سب سے بڑی قوت قومی اتحاد ہے اور ہم اسی اتحاد کے ساتھ دشمنوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنائیں گے‘دریں اثناو فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ایران کی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکرٹری نے ملاقات کی ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ایران کی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکرٹری علی لاریجانی نے ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعاون اور علاقائی سکیورٹی صورتحال پر گفتگو ہوئی۔آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان اور ایران کے درمیان تعلقات مضبوط بنانے پر زور دیا گیا، جبکہ خطے کی موجودہ سکیورٹی صورتحال پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کیلئے پرعزم ہے، ایران سے انسدادِ دہشتگردی تعاون بڑھانا ناگزیر ہے۔اس موقع پر ایران کی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکرٹری علی لاریجانی  نے  کہا کہ مضبوط شراکت داری ہی علاقائی چیلنجز سے نمٹنے اور دیرپا استحکام کو یقینی بنانے کا راستہ ہے۔ پا کستان کا خطے کے امن میں کردار انتہائی اہم ہے، ایران پاکستان سے تعلقات مزید مضبوط کرنا چاہتا ہے۔