علیمہ خان کے 10 ویں بار ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری

 علیمہ خان کی اسلام آباد اور پنجاب بھر میں ملکیتی پراپرٹی کی دوبارہ تفصیلات بھی طلب
 عدالت نے  بینک اکائونٹس منجمند نہ کرنے پر 2 بینک منیجرز کو شوکاز نوٹس جاری کردیئے
راولپنڈی(آئی این پی )انسداد دہشت گردی عدالت نے 26 نومبر احتجاج کے کیس میں بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ علیمہ خان کے 10 ویں بار ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے۔انسداد دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے مقدمے کی سماعت کی، علیمہ خان ایک بارپھر  پیش نہیں ہوئیں جبکہ ملزمان حاضری کے بعد روانہ ہوگئے، مقدمے کے دیگر 10 ملزمان عدالت میں پیش ہوئے۔وکیل صفائی فیصل ملک کا کہنا تھا کہ علیمہ خان آج بھی پیش نہیں ہوں گی، ہم مقدمے کی دہشت گردی کی دفعہ چیلنج کر چکے ہیں، یہ دہشت گردی کی دفعات کا کیس ہی نہیں بنتا۔عدالت نے علیمہ خان کو گرفتار کر کے 17 نومبر کو پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔عدالت نے علیمہ خان کی اسلام آباد اور پنجاب بھر میں ملکیتی پراپرٹی کی دوبارہ تفصیلات بھی طلب کر لیں جبکہ بینک اکائونٹس منجمند نہ کرنے پر 2 بینک منیجرز کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا گیا۔