نومبر احتجاج: علیمہ خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

علیمہ جان بوجھ کر ٹرائل میں رخنہ ڈال رہی ،استثنیٰ کی درخواست نہیں دی ، پراسیکیوٹر 
5 اکتوبر احتجاج کیس ، علیمہ خان اور عظمیٰ کی عبوری ضمانت میں 24 اکتوبر تک توسیع 
راولپنڈی،اسلام آباد، لاہور (خصوصی رپورٹ) تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی بہن علیمہ خان کی راولپنڈی انسداد دہشت گردی عدالت میں عدم حاضری پر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے گئے۔انسداد دہشتگردی عدالت راولپنڈی میں نومبر احتجاج کے مقدمہ کا باقاعدہ ٹرائل شروع نہ ہوسکا ، کیس کی سماعت جج امجد علی شاہ نے کی۔پراسیکیوٹر سید ظہیر شاہ نے مقدمہ کے پہلے 5 گواہ شہادت کیلئے عدالت میں پیش کئے ، مال مقدمہ بھی عدالت میں پیش کیا گیا، گیارہ میں سے دس ملزم حاضر ہوئے علیمہ خان پیش نہ ہوئیں۔علیمہ خان کی جانب سے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست نہیں دی گئی، علیمہ خان کی جانب سے کوئی وکیل بھی پیش نہ ہوا۔پراسیکیوٹر ظہیر شاہ نے کہا کہ علیمہ جان بوجھ کر ٹرائل میں رخنہ ڈال رہی ہیں۔عدالت نے پراسیکیوشن کے دلائل سے اتفاق کرتے ہوئے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے۔ادھر انسداد دہشت گردی عدالت نے 5 اکتوبر احتجاج کیس میں علیمہ خان اور عظمیٰ خان کی عبوری ضمانت میں 24 اکتوبر تک توسیع کر دی،وکیل رانا مدثر عمر نے حاضری معافی کی درخواست دائر کی جس میں مو قف اپنایا گیا کہ دونوں بہنیں اسلام آباد کی انسدادِ دہشت گردی عدالت میں کیسز میں پیشی کیلئے گئی ہیں۔انسداددہشتگردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا کی عدالت نیحقیقی آزادی مارچ کیس میں بانی پی ٹی آئی کی عدم دستیابی کے باعث سماعت ملتوی کردی۔گزشتہ روز سماعت کے دوران اعظم سواتی سمیت دیگر پی ٹی آئی کارکن عدالت میں پیش ہوئے، عدالت نے ملزموں کی حاضری لگائی، جبکہ بانی پی ٹی آئی کے حوالے سے وزارت قانون کو لکھے گئے خط کا جواب تاحال نہ آیا،عدالت نے بانی کی عدم دستیابی کے باعث کیس کی سماعت 7 نومبر تک ملتوی کر دی۔ جوڈیشل مجسٹریٹ عباس شاہ کی عدالت نے پی ٹی آئی رہنما رئوف حسن ودیگر پر قومی سلامتی کے اداروں کے خلاف پروپیگنڈے کے کیس کی سماعت بغیر کارروائی ملتوی کردی۔ گزشتہ روزسماعت کے دوران پیشرفت نہ ہوسکی اور عدالت نے کیس کی سماعت 24 اکتوبر تک ملتوی کردی۔