علیمہ خان 7 ویں بار ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری

اکائونٹس منجمد کی رپورٹ جمع نہ کرانے والے بینکوں کو نوٹس جاری ،عمر سرفراز کی پانچ مقدمات میں ضمانت پر حتمی دلائل طلب
راولپنڈی ، لاہور (خصوصی رپورٹ ) انسداد دہشت گردی عدالت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان کے 7 ویں مرتبہ ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے۔راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی عدالت نے علیمہ خان سمیت 11 ملزموں کے خلاف 26 نومبر احتجاج کیس کی سماعت کی ، جہاں علیمہ خان اور ان کے وکلابھی پیش نہیں ہوئے۔علیمہ خان کی عدم حاضری پر عدالت نے ان کے ساتویں مرتبہ ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کئے، جبکہ ان کے بینک اکائونٹ منجمد کرنے سے متعلق رپورٹ بھی عدالت میں پیش کی گئی۔رپورٹ کے مطابق متعلقہ بینکوں میں علیمہ خان کے نام سے نمل یونیورسٹی سمیت فلاحی اداروں کے اکائونٹس ہیں اور جن بینکوں نے رپورٹ جمع نہیں کرائی عدالت نے ان کو نوٹس جاری کر دیا۔بعد ازاں عدالت نے سماعت 6 نومبر تک ملتوی کر دی۔ادھر لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے سابق گورنر عمر سرفراز چیمہ کی نو مئی کے پانچ مقدمات میں ضمانت پر وکلا کو حتمی دلائل کے لیے طلب کرلیا۔انسداد دہشتگردی عدالت کے جج منظر علی گل نے سماعت کی،عمر سرفراز نے عسکری ٹاور حملہ کیس، زمان پارک، مغلپورہ اور جناح ہائوس کے قریب پولیس کی گاڑیاں جلانے کے مقدمات میں ضمانت دائر کر رکھی ہے،عدالت نے ملزم اور پراسیکیوشن کے وکلا کو دلائل کے لیے طلب کرتے ہوئے ضمانت کی درخواستوں پر سماعت 8 نومبر تک ملتوی کر دی۔