حج 2025:پی آئی اے اور وزارت مذہبی امور کے درمیان معاہدہ طے

اسلام آباد(خصوصی رپورٹ) حج 2025، وزارت مذہبی امور اور پی آئی اے کے مابین حج پروازوں کے حوالے سے معاہدہ طے پا گیا،پی آئی اے کے ذریعے سرکاری حج سکیم کے تحت 34ہزار عازمین حجاز مقدس کا سفر کریں گے ،دیگر ائیر لائنز کے ساتھ بھی جلد معاہدے کیے جائیں گے۔ ترجمان مذہبی امور کے مطابق قومی ایئرلائن پی آئی اے اور وزارت مذہبی امور کے مابین عازمین حج کو فریضہ حج کی ادائیگی کیلئے لے جانے کے حوالے سے معاہدہ طے پاگیا ہے جس کے تحت 35 ہزار سرکاری حجاج کو پی آئی اے سفری سہولت مہیا کرے گی۔ ترجمان کے مطابق معاہدے پر دستخط وزارت مذہبی امور میں کیے گئے پی آئی اے کے سی ای اوایئر وائس مارشل عامر حیات اور ایڈیشنل سیکرٹری مذہبی امور ڈاکٹر سید عطا الرحمن نے معاہدے پر دستخط کیے۔ اس موقع پر پی آئی اے کے سی ای او ایئر وائس مارشل عامر حیات نے حجاج کو بہترین سہولیات کی فراہمی کے عزم کا اعادہ کیا ۔ترجمان کے مطابق سعودی ایئرلائن اور دیگر مقامی ایئرلائنز کے ساتھ معاہدات بھی جلد مکمل کیے جائیں گے۔