ملک میں بلاک وی پی اینز کی تحقیقات میں انکشاف

ملک میں بلاک وی پی اینز کی تحقیقات میں انکشاف

ویب ڈیسک:پاکستان میں ورچوئل پرائیویٹ نیٹ ورکس (وی پی اینز) کی بندش اور بلاکنگ کے حوالے سے نئے انکشافات سامنے آئے ہیں، جن کے مطابق دہشت گرد اور غیر قانونی عناصر اپنی شناخت چھپانے اور گمراہ کن مواد کی تشہیر کے لئے غیر رجسٹرڈ وی پی اینز کا استعمال کر رہے ہیں۔

 پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے اس صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے غیر قانونی ویب سائٹس اور یو آر ایلز (URLs) کو بلاک کرنے کا عمل تیز کر دیا ہے۔ذرائع کے مطابق دہشت گرد غیر قانونی وی پی اینز کے ذریعے پروپیگنڈہ پھیلا کر عوام کو گمراہ کرتے ہیں اور اس بات کا تدارک کرنے کے لئے پی ٹی اے نے فرانزک چھان بین شروع کر رکھی ہے۔ پی ٹی اے کے مطابق یہ غیر مصدقہ وی پی اینز اس لئے خطرناک ہیں کیونکہ ان کے ذریعے دہشت گرد اپنے منصوبوں کی منصوبہ بندی کرتے ہیں اور اپنی شناخت چھپاتے ہیں۔مزید برآں، پی ٹی اے نے ملک بھر میں غیر رجسٹرڈ وی پی اینز کو بلاک کرنے کے اقدامات شروع کر دیے ہیں، جنہیں گزشتہ چند ہفتوں میں بے شمار غیر اخلاقی ویب سائٹس اور دہشت گردوں کے روابط کی نشاندہی کے بعد بند کیا گیا ہے۔ اس اقدام کو ملکی سالمیت کے لیے ضروری قرار دیا جا رہا ہے۔