وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے اسلام آباد میں میڈیا کرکٹ لیگ 2025 کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں سستا ترین انٹرنیٹ فراہم کیا جا رہا ہے اور بغیر کسی ثبوت کے وی پی اینز پر پروپیگنڈا کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ تنقید ضرور کی جائے، مگر پاکستان کا تشخص برباد نہ کیا جائے۔عطا تارڑ نے کھیلوں کی سرگرمیوں کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں چیمپئنز ٹرافی کے انعقاد سے ملک کا تشخص مزید بہتر ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کھیلوں کی بہتری کے لیے دن رات کوشاں ہے اور پاکستان میں سستا ترین انٹرنیٹ فراہم کیا جا رہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ سیاست کو کھیلوں میں اور کھیلوں کو سیاست میں شامل نہیں کرنا چاہیے۔ وزیر اطلاعات نے پاکستان کی معیشت اور اسٹاک ایکسچینج کی کامیابی پر بھی بات کی، اور کہا کہ سیاسی مخالفین بھی پاکستان کے معاشی استحکام کو تسلیم کرتے ہیں۔