پنکی کی گرفتاری پر اداروں کی کارکردگی قابلِ تعریف ہے: شرجیل میمن

پنکی کی گرفتاری پر اداروں کی کارکردگی قابلِ تعریف ہے: شرجیل میمن

سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ منشیات فروش انمول عرف پنکی کی گرفتاری پر متعلقہ اداروں کی کارکردگی کو سراہا جانا چاہیے، جبکہ منشیات کے خاتمے کے لیے تمام اداروں اور معاشرے کو مشترکہ کردار ادا کرنا ہوگا۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انمول عرف پنکی کی عدالت میں پیشی کے دوران غفلت کے معاملے کا سخت نوٹس لیا گیا ہے، اور ایسے واقعات کسی صورت قابلِ قبول نہیں۔ ان کے مطابق منشیات کے خلاف جاری کارروائیوں کو مزید مؤثر بنانے کی ضرورت ہے۔شرجیل میمن نے بتایا کہ جن پولیس اہلکاروں کی جانب سے مبینہ طور پر ملزمہ کو بغیر ہتھکڑی عدالت میں پیش کیا گیا تھا، انہیں معطل کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت منشیات کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل کر رہی ہے اور کسی بھی غفلت پر فوری کارروائی کی جاتی ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ حکومت نے ماضی میں بھی اس خاتون ملزمہ کو گرفتار کرنے کی کوشش کی تھی تاہم اس میں کامیابی حاصل نہیں ہو سکی تھی۔پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے کراچی کے ترقیاتی منصوبوں پر بھی بات کی اور بتایا کہ شہر میں میگا پروجیکٹس تیزی سے جاری ہیں۔ ان کے مطابق شاہراہِ بھٹو اسی ماہ مکمل طور پر کھول دی جائے گی، جو ایم-نائن موٹر وے کو براہِ راست کنیکٹ کرے گی اور ٹریفک کے مسائل میں کمی آئے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ کراچی میں برجز، انڈر پاسز اور نئی سڑکوں کی تعمیر جاری ہے، تاہم ان منصوبوں کے دوران شہریوں کو کچھ مشکلات کا سامنا رہا جس پر وہ معذرت خواہ ہیں۔شرجیل میمن کے مطابق کراچی پورٹ سے قیوم آباد تک نئی سڑک بھی تعمیر کی جا رہی ہے، جبکہ ریڈ لائن بی آر ٹی منصوبے کی وجہ سے بھی عارضی مشکلات پیش آئیں۔انہوں نے یہ بھی بتایا کہ چینی کمپنیوں کے تعاون سے کراچی میں ڈی سیلینیشن پلانٹس لگانے کا منصوبہ ہے، جس سے شہر میں پانی کی قلت پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔ اس کے علاوہ لائیو اسٹاک اور زراعت کے شعبے میں بھی تعاون کے لیے معاہدے کیے گئے ہیں۔