تحریک انصاف کا ایجنڈا پاکستان کے خلاف ہے، شرجیل میمن

تحریک انصاف کا ایجنڈا پاکستان کے خلاف ہے، شرجیل میمن

حیدر آباد: وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا ایجنڈا ملک کے خلاف ہے۔

 سندھ پراپرٹی ایکسپو میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے پی ٹی آئی کے حوالے سے شدید تنقید کی اور کہا کہ سوشل میڈیا پر جھوٹ کی بھرمار کی جا رہی ہے، جہاں مختلف افراد ہلاکتوں کی متضاد تعداد دے رہے ہیں، کچھ 100، تو کچھ 275 لاشوں کا دعویٰ کر رہے ہیں۔ شرجیل میمن نے کہا کہ اگر کوئی جان گئی ہے تو وہ قیمتی ہے، لیکن پی ٹی آئی ہمیشہ جھوٹ بولتی آئی ہے اور 300 ہلاکتوں کی کوئی فہرست یا ثبوت پیش نہیں کیا گیا۔وزیر اطلاعات سندھ نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کا ایجنڈا پاکستان کے مفاد میں نہیں ہے، اور یہ جماعت ہمیشہ عوام کے خلاف رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے دھرنے کو سندھ حکومت کی طرف سے اجازت دی گئی تھی، لیکن وہ اپنی جگہ سے ہٹ کر ڈی چوک پہنچ گئے تھے، جہاں مسائل پیدا ہوئے۔

پیپلز پارٹی کے یوم تاسیس کے حوالے سے بات کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ آج کا دن پیپلز پارٹی کے قیام کا دن ہے، جس کا مقصد غریب عوام اور جمہوریت کو مضبوط کرنا تھا۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی وہ واحد جماعت ہے جس نے پاکستان کے لیے قربانیاں دیں، اور بھٹو خاندان وہ واحد خاندان ہے جس نے پاکستان کو جمہوریت، آئین اور ایٹمی طاقت دیا۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ملک میں تجارت کو فروغ دینے کی ضرورت ہے، اور حکومت اس ضمن میں سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ وزیر اطلاعات سندھ نے مزید کہا کہ تعمیراتی شعبے کو ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا تاکہ اس شعبے کی ترقی کی جاسکے۔