بھارت میں طوفانی بارشیں، 90 افراد ہلاک، بڑے پیمانے پر تباہی

بھارت میں طوفانی بارشیں، 90 افراد ہلاک، بڑے پیمانے پر تباہی

بھارتی ریاست اترپردیش میں طوفانی بارشوں اور ژالہ باری نے بڑے پیمانے پر تباہی مچادی ہے، جس کے نتیجے میں 90 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق شدید طوفان کے دوران تیز ہواؤں کے ساتھ بارش اور ژالہ باری بھی ہوئی، جس نے مختلف اضلاع میں معمولاتِ زندگی کو بری طرح متاثر کیا۔ زیادہ تر ہلاکتیں آسمانی بجلی گرنے، درختوں اور دیواروں کے گرنے کے واقعات کے باعث ہوئیں۔رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ طوفان کے دوران تیز ہوا کے جھونکوں نے درختوں کو جڑ سے اکھاڑ دیا، جبکہ بل بورڈز اور عارضی ڈھانچے بھی زمین بوس ہوگئے۔ بعض علاقوں میں دھول اور ملبے کے بادل چھا گئے، جس کے باعث لوگوں کو نقل و حرکت میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ تیز آندھی کے باعث گاڑیاں متاثر ہوئیں جبکہ سڑک کنارے لگے اسٹالز اور لکڑی کا سامان بھی ہوا میں اڑ گیا۔

حکام کے مطابق اترپردیش میں مارچ سے جون کے دوران گرم موسم میں اس نوعیت کے طوفان اور آندھیاں معمول کا حصہ ہیں، تاہم اس بار شدت زیادہ ہونے کے باعث جانی نقصان بھی زیادہ ہوا ہے۔ریسکیو اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں جبکہ متاثرہ علاقوں میں ہنگامی حالت جیسی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔ انتظامیہ نے لوگوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔