سی سی پی او بلال کی زیرِ صدارت اہم اجلاس ،مجموعی کارکردگی کا جائزہ

 سکیورٹی اور لاء اینڈ آرڈر ڈیوٹی پر اطمینان، کھلاڑیوں، آفیشلز اور شائقین کو مکمل تحفظ فراہم کرنا  ترجیح ہے
لاہور(کرائم رپورٹر)سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ کی زیرِ صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا ۔جس میں ماڈل ٹاؤن اور کینٹ ڈویژنز کی مجموعی کارکردگی اور پیشہ ورانہ امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں شہر کی سکیورٹی صورتحال، جرائم کی روک تھام اور عوامی ریلیف سے متعلق مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔سی سی پی او لاہور نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میچوں کے دوران سکیورٹی اور لاء اینڈ آرڈر ڈیوٹی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے آئندہ پاکستان اور آسٹریلیا کرکٹ سیریز کیلئے فول پروف سکیورٹی انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت جاری کی۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی کرکٹ ایونٹس کے دوران کھلاڑیوں، آفیشلز اور شائقین کو مکمل تحفظ فراہم کرنا لاہور پولیس کی اولین ترجیح ہے۔اجلاس میں سی سی پی او لاہور نے آپریشنز اور انویسٹی گیشن ونگز کے ڈی آئی جیز کو اشتہاری مجرمان کی گرفتاریوں کا خصوصی ٹاسک سونپ دیا جبکہ شہر میں ڈالہ کلچر اور اسلحہ کی نمائش کے خلاف بلاامتیاز کریک ڈاؤن کا حکم بھی جاری کیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ہارڈنڈ کریمنلز کے خلاف سخت کارروائیاں عمل میں لائی جائیں تاکہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔بلال صدیق کمیانہ نے موٹر سائیکل چوری اور نقب زنی کی وارداتوں کی روک تھام کیلئے مؤثر سکیورٹی پلان تشکیل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے پتنگ بازی کے خلاف بھی خصوصی ٹاسک فورس متحرک کرنے کا حکم دیا۔اجلاس میں ایس پیز اور ایس ڈی پی اوز کو سائلین کی فوری شنوائی اور بروقت ریلیف فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی جبکہ پولیس ملازمین میں محکمانہ کرپشن کے خاتمے اور تھانہ کلچر میں مثبت تبدیلی لانے پر بھی زور دیا گیا۔