لاہور پولیس کی ناجائز اسلحہ و ہوائی فائرنگ کیخلاف کارروائیاں،پسٹل، کلاشنکوف، رائفلیں، گولیاں برآمد
لاہور(کرائم رپورٹر) لاہور پولیس کی جانب سے غیر قانونی اسلحہ اور ہوائی فائرنگ کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے سال 2025ء میں ناجائز اسلحہ کے 5371 ملزمان کو گرفتار کر کے 5343 مقدمات کا اندراج کیا گیا ہے۔ ترجمان لاہور پولیس نے بتایا کہ ہوائی فائرنگ کے 682 ملزمان کی گرفتاری عمل میں لا کر شہر کے مختلف تھانوں میں 548 مقدمات کا اندراج کیا گیا ہے جبکہ ناجائز اسلحہ کے گرفتار ملزمان کے قبضہ سے 36 کلاشنکوف، 277 رائفلیں، 204 گنیں، 4734 پسٹل اور 24 ہزار سے زائد گولیاں برآمد کی گئی ہیں۔ سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ لاہور پولیس شہر کو غیر قانونی اسلحہ سے پاک کرنے کے لیے سرگرم ہے۔ انہوں نے کہا کہ غیر قانونی اسلحہ، اسلحہ کی نمائش اور ہوائی فائرنگ کے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔ سی سی پی او لاہور نے متعلقہ پولیس افسران کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ غیر قانونی اسلحہ کی خرید و فروخت کرنے والے افراد پر کڑی نظر رکھی جائے۔ غیر قانونی اسلحہ اور ڈالہ کلچر کے ذریعے خوف و ہراس پھیلانے والے عناصر کو فی الفور قانون کی گرفت میں لایا جائے۔ بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ سوشل میڈیا پر اسلحہ کی تشہیر اور ہوائی فائرنگ میں ملوث ملزمان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہری قانون کے احترام کو اپنا شعار بنائیں اور غیر قانونی سرگرمیوں سے گریز کریں۔