لاہور(کرائم رپورٹر)خانیوال کے قریب موٹروے پر سوزوکی بولان میں شارٹ سرکٹ کے باعث اچانک آگ بھڑک اٹھی۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی موٹروے پولیس سنٹرل زون کے افسران فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے اور پیشہ ورانہ حکمت عملی اپناتے ہوئے گاڑی میں سوار تمام افراد کو بحفاظت باہر نکال لیا۔ترجمان سنٹرل ریجن کے مطابق موٹروے پولیس اہلکاروں نے فائر ایکسٹینگشرز کا استعمال کرتے ہوئے ابتدائی طور پر آگ پر قابو پایا، جس کے باعث بڑے نقصان سے بچاؤ ممکن ہوا۔امدادی کارروائیوں کی نگرانی ڈی ایس پی راؤ اقبال نے کی۔ بروقت اور مؤثر کارروائی کے نتیجے میں انسانی جانیں محفوظ رہیں جبکہ قیمتی سامان کو بھی نقصان سے بچا لیا گیا۔ترجمان سنٹرل ریجن کا کہنا ہے کہ موٹروے پولیس ہر قسم کی ہنگامی صورتحال میں شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔