موٹروے پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے آگ بجھانے والے آلات سے شعلوں پر قابو پایا
لاہور (کرائم رپورٹر) سیالکوٹ لاہور موٹروے پر چلتی کار میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، تاہم گاڑی میں سوار دونوں افراد محفوظ رہے۔ ترجمان موٹروے پولیس سنٹرل ریجن سید عمران احمد کے مطابق موٹروے پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے آگ بجھانے والے آلات اور خصوصی کمبل کی مدد سے شعلوں پر قابو پا لیا۔ ابتدائی طور پر آگ لگنے کی وجہ شارٹ سرکٹ بتائی جا رہی ہے۔ سب انسپکٹر رمیز خان اور سب انسپکٹر عامر سجاد نے امدادی کارروائی میں حصہ لیا، جبکہ ریسکیو 1122 کو بھی طلب کر لیا گیا۔ آتشزدگی کے باعث گاڑی کو شدید نقصان پہنچا، تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔